معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کی جنونی مداح نے بھی اپنا سر منڈوا لیا
ڈکی بھائی کے 6 ملین سبکرائبرز مکمل ہوئے تو اُنہوں نے مداحوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے اپنا سر اور داڑھی منڈوائی
حال ہی میں اپنا سر منڈوانے والے معروف پاکستانی یوٹیوبر سعد رحمان عرف ڈکی بھائی کے نئے لُک سے دلبرداشتہ ہوکر اُن کی ایک جنونی مداح نے بھی اپنا سر منڈوا لیا۔
یوٹیوب پر ڈکی بھائی کے نام سے شہرت پانے والی سعد رحمان کا شمار پاکستان کے کامیاب اور مقبول ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے لیکن وہ ماضی میں روسٹنگ ویڈیوز بنانے کی وجہ سے کافی تنقید کا شکار رہے ہیں۔
روسٹنگ ویڈیوز سے اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کرنے والے ڈکی بھائی کچھ عرصے سے وی لاگنگ کررہے ہیں، شادی کے بعد سے وہ اپنی اہلیہ عروب جتوئی کے ہمراہ وی لاگز بناتے ہیں جنہیں اُن کے لاکھوں مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جاتا ہے۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈکی بھائی اور اُن کی اہلیہ عروب جتوئی کی مقبولیت میں اضافہ بھی ہورہا ہے، ایسے میں ڈکی بھائی نے اپنے لاکھوں مداحوں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر یوٹیوب پر اُن کے 6 ملین سبکرائبرز ہوگئے تو وہ اپنا سر اور داڑھی منڈوا لیں گے۔
ڈکی بھائی کے یوٹیوب چینل پر جیسے ہی 6 ملین سبکرائبرز مکمل ہوئے تو اُنہوں نے اپنے مداحوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے اپنا سر اور داڑھی منڈوا لی جس کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز کا طوفان آگیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ڈکی بھائی کی ٹِنڈ کا خوب مذاق اُڑایا اور کہیں نہ کہیں یوٹیوبر پر کڑی تنقید بھی کی لیکن ڈکی بھائی کی ایک جنونی مداح کو اُن کا نیا لُک (سر اور داڑھی منڈوانا) بالکل پسند نہ آیا۔
ڈکی بھائی کی نئی لُک سے دلبرداشتہ ہوکر سکینہ نامی مداح نے اپنے لمبے اور گھنے بال کاٹ ڈالے اور اپنا سر منڈوا لیا، سکینہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اُنہیں روتے ہوئے اپنا سر منڈواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سکینہ نے ڈکی بھائی کی محبت میں اپنا سر تو منڈوایا لیکن بعد میں اپنی والدہ اور بڑی بہن سے خوب مار بھی کھائی جوکہ ویڈیو میں دِکھایا گیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے سکینہ کی اس حرکت پر شدید تنقید کرتے ہوئے جہالت قرار دیا۔