اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار کی خودکشی کی کوشش

ویب ڈیسک  جمعـء 15 دسمبر 2023
فوٹو : ویب ڈیسک

فوٹو : ویب ڈیسک

 لاہور: شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے اپنی خراب ذہنی صحت اور ڈپریشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے خودکشی کرنے کی کوشش کا انکشاف کیا ہے۔

صحیفہ جبار خٹک نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اپنی ذہنی صحت کے بارے میں بات کی اور اسی دوران وہ آبدیدہ بھی نظر آئیں۔

اداکارہ نے کہا کہ “میں نے اس دُنیا کو کبھی بھی رحم دل محسوس نہیں کیا لیکن ہمارے چند دوست ایسے ہوتے ہیں جنہیں ہم اپنے مشکل وقت میں کال کرسکتے ہیں اور وہ ہماری مدد کے لیے فوراََ سارے کام چھوڑ کر آجاتے ہیں”۔

اُنہوں نے اپنے دوست کا نام لیے بغیر کہا کہ “کچھ روز قبل، میں نے ایک دوست کو فون کیا اور کہا کہ میں نے 13 گولیاں کھا لی ہیں اور میں خودکشی کررہی ہوں، میرے شوہر پاکستان میں نہیں ہیں، مجھے کسی کی ضرورت ہے، جو مجھے اس خوف سے نکال سکے”۔

مزید پڑھیں: اداکارہ صحیفہ جبار کا ذہنی مسائل میں مبتلا ہونے کا انکشاف

صحیفہ جبار نے کہا کہ “میری باتیں سُن کر میرے دوست فوراََ میرے گھر آگئے اور پھر جب میری حالت بہتر ہوئی تو میں نے سوچا کہ اگر میرے دوست نہیں آتے تو میں اپنے ساتھ کچھ بھی غلط کرسکتی تھی”۔

اُنہوں نے کہا کہ “اگر میرے شوہر خضر میرے پاس ہوتے تو شاید بہتر محسوس کرتی لیکن جب میں کینیڈا میں شوہر کے ساتھ تھی تب بھی میری ذہنی صحت خراب ہوگئی تھی، میں ہر وقت خوف میں مبتلا رہتی ہوں، ایسا لگتا ہے کہ میں اپنے ساتھ کچھ کرلوں گی”۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “اگر ہم فنکار کیمرے کے سامنے اپنی ذہنی حالت کے بارے میں بتاتے ہیں تو لوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں اور ہمیں طعنے دیے جاتے ہیں”۔

مزید پڑھیں: اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

صحیفہ جبار نے کہا کہ “یہ دنیا بہت بےحس ہوچکی ہے، یہاں کوئی کس کا خیرخواہ نہیں ہے، اگر کسی کو اپنی تکلیف بتاوْ تو وہ آگے سے مذاق اڑاتے ہیں تو تسلی دینے کے بجائے تکلیف میں مزید اضافہ کرتے ہیں”۔

اُنہوں نے فلسطین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “غزہ کے حالات دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، میں کوشش کرتی ہوں کہ ایسی ویڈیوز نہ دیکھوں لیکن میرے سامنے غزہ کی دردناک ویڈیوز آجاتی ہیں اور پھر بہت دُکھ ہوتا ہے کیونکہ میں بےبس ہوں”۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ “میں اُمید کرتی ہوں کہ ایک دن یہ دُنیا ہر ایک کے لیے بہترین جگہ بنے گی جہاں سب کو ذہنی و جسمانی سکون ہو”۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں بھی صحیفہ جبار نے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ وہ شدید ذہنی مسائل کا شکار ہیں کئی مہینوں سے سوئی نہیں ہیں۔

صحیفہ نے اپنے شوہر کے حوالے سے بتایا تھا کہ وہ ان کا بہت خیال رکھتے ہیں اور ان کی پوری طرح مدد کر رہے ہیں اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتی انہوں نے ایسا کونسا اچھا کام کیا تھا جو انہیں اتنا سمجھنے اور محبت کرنے والا شوہر ملا ہے۔

واضح رہے کہ صحیفہ جبار خٹک نے 6 دسمبر 2017 کو اپنے دیرینہ دوست خواجہ خضر حسین سے شادی کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔