"شادی کرکے پاگل نہیں ہونا چاہتی"، ریشم

ویب ڈیسک  جمعـء 15 دسمبر 2023
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

لالی ووڈ کی معروف اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ وہ شادی کرکے اپنا ذہنی سکون برباد نہیں کرنا چاہتیں۔

حال ہی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے تین اسٹارز ریشم، احمد علی اکبر اور آمنہ الیاس نے نجی ٹی وی چینل کے شو “گپ شپ” میں بطورِ مہمان شرکت کی۔

گفتگو کے دوران شو کے میزبان واسع چوہدری نے تینوں اسٹارز سے شادی سے متعلق سوال کیا جس پر اداکار احمد علی اکبر نے کہا کہ “مجھے لگتا ہے اب میری شادی ہوجانی چاہیے”۔

اسی دوران ریشم نے کہا کہ “میرے لیے شادی سے زیادہ ضروری میری ذہنی صحت اور سکون ہے، میں شادی کرکے پاگل نہیں ہونا چاہتی”۔

ریشم نے کہا کہ “میں نے اپنے اردگرد اپنی سہیلیوں میں دیکھا ہے جتنی تیزی سے شادیاں ہورہی ہیں وہ اتنی ہی جلدی ٹوٹ بھی رہی ہیں، آج کل کی شادیاں ذہنی سکون چھین رہی ہیں”۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ “میں جب کسی کی شادی کو ٹوٹتا ہوا دیکھتی ہوں تو بہت زیادہ گھبراتی ہوں”۔

مزید پڑھیں: کسی اداکار یا شوبز شخصیت سے کبھی شادی نہیں کروں گی؛ ریشم

ریشم کی بات مکمل ہونے کے بعد واسع چوہدری نے آمنہ الیاس اور احمد علی اکبر سے پوچھا کہ کیا آپ شادی کرکے پاگل ہونا چاہتے ہیں؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ “میں پاگل ہونا چاہتی ہوں” جبکہ احمد علی اکبر نے کہا کہ “میں تو پہلے سے ہی پاگل ہوں”۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران ریشم نے اپنی شادی کے بارے میں کہا تھا کہ وہ کبھی بھی شوبز انڈسٹری میں شادی نہیں کریں گی کیونکہ وہ شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی طلاق کی شرح میں اضافہ دیکھ کر بہت ڈر گئی ہیں، شوبز کی شادیاں زیادہ عرصے تک نہیں چلتیں۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ سجل علی اور احد کی طلاق پر بہت دُکھ ہوا، عمران اشرف اور کرن اشفاق کی شادی ختم ہونے پر بھی بہت زیادہ افسوس ہوا، یہ شادیاں ختم نہیں چاہیے تھیں، اُنہیں یہ جوڑے بہت پسند تھے۔

اداکارہ نے مزید کہا تھا کہ وہ اللہ سے ہمیشہ اپنے اچھے نصیب کے لیے دُعا کرتی ہیں، اُن کا شادی کا ارادہ ہے لیکن اُنہیں ابھی تک کوئی اچھا انسان نہیں مل سکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔