بھارت کو پاکستان سے ہاکی سیریز میں تاخیر کا خدشہ

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 28 مئ 2014
بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے مقابلے آئندہ برس تک ملتوی ہوسکتے ہیں،نریندر بٹرا  فوٹو:اے ایف پی/فائل

بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے مقابلے آئندہ برس تک ملتوی ہوسکتے ہیں،نریندر بٹرا فوٹو:اے ایف پی/فائل

لاہور: بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کردیا۔

ہاکی انڈیا کے جنرل سیکریٹری نریندر بٹرا نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ روایتی حریف کیخلاف میچز کا انعقاد اسی سال ہو لیکن بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے مقابلے آئندہ برس تک ملتوی ہوسکتے ہیں۔ ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت میں قائم ہونے والی نئی حکومت کو سیٹ ہونے میں وقت درکار ہے اس لیے ہماری کوششوں کے باوجود پاکستان کیخلاف رواں برس ہاکی سیریز کے انعقاد ممکن نظر نہیں آتا، انھوں نے کہاکہ ہاکی انڈیا پاکستان کیساتھ دوطرفہ سیریز کی بحالی جلد ازجلد ممکن بنانے کیلیے اپنی ہر ممکن کوشش کرے گی، یادرہے کہ دونوںملکوں کے مابین آخری بار باہمی سیریز کا انعقاد 2006 میں ہوا تھا ۔

اس کے بعد ممبئی حملوں اور دیگر وجوہات کی بنا حکومتی اجازت نہ ملنے کے جواز بناتے ہوئے بھارتی ہاکی فیڈریشن ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔گذشتہ ماہ دونوں تنظیموں کے مابین باہمی سیریز کی بحالی کیلیے رضامندی ظاہر کی گئی تھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تو سیریز کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا گیا تھا لیکن پڑوسی ملک میں انتخابات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ اب امیدیں ظاہر کی جارہی ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد دونوں ملکوں کے مابین دوبارہ سے باہمی سیریز کا انعقاد ممکن ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔