"عمران اشرف سے طلاق کے بعد مجھے دورے پڑتے تھے"، کرن اشفاق

ویب ڈیسک  پير 18 دسمبر 2023
عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق نے پی پی رہنما حمزہ علی سے دوسری شادی کی : فوٹو : ویب ڈیسک

عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق نے پی پی رہنما حمزہ علی سے دوسری شادی کی : فوٹو : ویب ڈیسک

  کراچی: شوبز انڈسٹری کی ماڈل اور اداکارہ کرن اشفاق نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی اور عمران اشرف کی طلاق اکتوبر میں نہیں بلکہ زبانی طور پر بہت پہلے ہوچکی تھی، طلاق کے بعد اُنہیں دماغی دورے پڑنا شروع ہوگئے تھے۔

سال 2022 میں عمران اشرف سے طلاق لینے کے بعد، کرن اشفاق نے 4 دسمبر کو اتوار کے روز لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی۔

عمران اشرف سے طلاق کے بعد کرن اشفاق خاموش رہیں اور اُنہوں نے کبھی عوام سطح پر طلاق سے متعلق کُھل کر بات نہیں کی لیکن اُنہوں نے کئی بار سوشل میڈیا صارفین کی تنقید پر ردعمل ضرور دیا۔

اب حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کے بعد کرن اشفاق نے حال ہی میں معروف ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی طلاق اور دوسری شادی کے حوالے سے کُھل کر بات کی۔

کرن اشفاق نے کہا کہ “ہمارے معاشرے میں طلاق صرف لڑکی کی ہوتی ہے، لوگ اُس لڑکی اور اُس کی فیملی سے ہی پوچھتے ہیں، لڑکے سے کوئی نہیں پوچھتا کہ تُم نے طلاق کیوں دی، میری طلاق کے بعد بھی یہی سب کچھ ہوا، لوگوں نے میرے والد اور بھائیوں سے پوچھا، باتیں بنائیں، سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے مجھے تنقید کا نشانہ بنایا لیکن اُس شخص (عمران اشرف) سے کسی نہیں پوچھا”۔

مزید پڑھیں: میں عمران اشرف کی طلاق کے نام پر بیٹھی رہتی؟ کرن اشفاق بھڑک اُٹھیں

اداکارہ نے کہا کہ “عمران اشرف سے شادی کے دوران بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، میری خراب ازدواجی زندگی کی وجہ سے میرے والدین 5 سال تک سکون کی نیند نہیں سو سکے تھے، میرے لیے پریشان رہتے تھے جبکہ میری والدہ نے مجھے کہہ دیا تھا کہ کرن برداشت کرو، کچھ بھی ہوجائے اپنا گھر بسانا ہے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “میری والدہ کہتی تھی کہ اگر تمہاری طلاق ہوئی تو یہ طلاق دو لوگوں اور دو خاندانوں تک نہیں رہے گی بلکہ یہ ایک قومی خبر بن جائے گی اور پھر ایسا ہی ہوا، میری طلاق نیوز چینل اور سوشل میڈیا کی زینت بن گئی، میری دونوں بہنوں کو بھی اپنے سُسرال میں باتیں سُننی پڑیں”۔

کرن اشفاق نے کہا کہ “میں طلاق کے بعد، ملائیشیا چلی گئی تھی جس پر لوگوں نے تنقید کی اور کہا کہ عدت نہیں کی تو میں یہاں بتاتی چلوں کہ میری طلاق اکتوبر میں نہیں بلکہ زبانی طور پر اگست کے آخر میں ہوچکی تھی، عمران اشرف نے خود مجھے طلاق دی تھی کیونکہ میں خلع نہیں لینا چاہتی تھی، پھر ہم دونوں نے اکتوبر میں سوشل میڈیا پر پوسٹ لگا کر ہماری طلاق کا اعلان کیا تھا”۔

مزید پڑھیں: سابقہ اہلیہ کی دوسری شادی، عمران اشرف کی مبہم پوسٹ وائرل

انہوں نے اپنی دوسری شادی سے متعلق کہا کہ “میں نے طلاق کے بعد سوچ لیا تھا کہ جب تک میرا بیٹا 10 سال کا نہیں ہوجاتا تب تک دوسری شادی نہیں کروں گی کیونکہ طلاق نے میری ذہنی صحت کو بُری طرح متاثر کیا تھا، مجھے دماغی دورے پڑنا شروع ہوگئے تھے”۔

کرن اشفاق نے کہا کہ “میرے والد نے بہت کوشش کی لیکن میں دوسری شادی کے لیے راضی نہیں ہوئی پھر ایک رات تہجد میں والد کو روتا ہوا دیکھا تو میں نے دوسری شادی کے لیے ہاں کردی لیکن والد سے یہی شرط رکھی تھی کہ لڑکا کراچی کا ہونا چاہیے کیونکہ میں اپنے بیٹے سے دور نہیں رہ سکتی تھی”۔

اُنہوں نے کہا کہ “میرے والد نے میری شرط کے بعد مجھے حمزہ کا رشتہ دِکھایا اور میں راضی ہوگئی، اب میرے دو گھر ہیں، ایک لاہور میں اور ایک کراچی میں، لاہور میں میری ساس رہتی ہیں جبکہ میرے شوہر حمزہ کراچی میں ہی مقیم ہیں”۔

مزید پڑھیں: کرن اشفاق نے دوسری شادی کی تصدیق کردی، ویڈیوز وائرل

کرن اشفاق نے اپنے بیٹے کے حوالے سے کہا کہ “میرا بیٹا کبھی میرے ساتھ رہتا ہے اور کبھی اپنے والد (عمران اشرف) کے ساتھ رہتا ہے، میں اور عمران اشرف بیٹے کے تمام ایونٹس میں جاتے ہیں، عمران اشرف بیٹے کے معاملے میں سپورٹ کرتے ہیں”۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مشہور اداکار و میزبان عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اِن دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔