مودی نے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے کیلئے کارروائی شروع کردی

این این آئی  بدھ 28 مئ 2014
مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا آرٹیکل 370 ترقی میں رکاوٹ ہے، خاتمے کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کررہے ہیں، جتندرا سنگھ۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا آرٹیکل 370 ترقی میں رکاوٹ ہے، خاتمے کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کررہے ہیں، جتندرا سنگھ۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی / سرینگر: بھارت کے نومنتخب وزیراعظم نریندرمودی نے بھارتی آئین کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیلیے کارروائی کا آغاز کردیا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق وزیر مملکت برائے وزیراعظم آفس جتندراسنگھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعداپنے پہلے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کیلیے کارروائی کا آغاز کردیا، حکومت اس آرٹیکل پر بحث کو تیارہے اور اس مقصد کیلیے این ڈی اے کی حکومت اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کر رہی ہے۔پہلے ہی روز تنازع کی بنیادرکھتے ہوئے جتندرا سنگھ نے کہاکہ اس اقدام سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے موقف کی تائیدہوتی ہے جس کا اظہار انھوں نے انتخابی مہم میں کیا تھا۔

بھارتی وزیر مملکت نے کہا کہ آئین کی دفعہ 370ترقی میں نفسیاتی رکاوٹ ہے،متنازع حیثیت کی وجہ سے آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دیتاہے۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارتی وزیرمملکت کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر اور بھارت میں واحدلنک آئین کا آرٹیکل 370 ہے،آرٹیکل 370 آئین کا حصہ نہ رہاتو کشمیر بھارت کا حصہ بھی نہیں رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔