دورہ نیوزی لینڈ؛ قومی ٹیم کا اعلان، 3 وکٹ کیپر شامل

ویب ڈیسک  منگل 19 دسمبر 2023
شاہین آفریدی پہلی مرتبہ قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے (فوٹو: فائل)

شاہین آفریدی پہلی مرتبہ قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے (فوٹو: فائل)

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان فرائض سرانجام دیں گے۔

دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، حسیب اللہ خان، محمد نواز، افتخار احمد، محمد رضوان، حارث رؤف، زمان خان، عامر جمال، اعظم خان، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد، اسامہ میر اور محمد وسیم جونئیر شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے دوران انجری کا شکار ہونے والے لیگ اسپنر شاداب خان کو آرام کیلئے مزید 2 ہفتے درکار ہیں، وہ اپنا ری ہیب جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ نوجوان وکٹ کیپر محمد حارث کو بھی دورہ نیوزی لینڈ کے دوران آرام کروایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیشنل ٹی20 کپ؛ شاداب انجری کا شکار ہوگئے

وکٹ کیپرز کی دورہ نیوزی لینڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ ڈومیسٹک اور لیگز میں پرفارمنس دینے کے بعد کرکٹرز کو منتخب کیا ہے، اعظم خان کو فٹنس کے حوالے سے کام کرنے کا کہا ہے لیکن انکی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے 17 رکنی اسکواڈ میں جگہ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ، محمد آصف اور شعیب ملک کو ماضی میں موقع ملا تاہم وہ فائدہ اُٹھانے میں ناکام رہے اب کوشش کریں گے بیک اَپ تیار کریں تاکہ ورلڈکپ سے قبل ہمارے پاس ٹیم کمبینیشن موجود ہو۔

مزید پڑھیں: شکست کے بعد ناقص بیٹنگ کا رونا رویا جانے لگا

چیف سلیکٹر نے کہا کہ احسان اللہ، شاداب خان، محمد حسنین، نسیم شاہ یہ چاروں اَن فٹ تھے اور وہ ہمارے پلانز کا حصہ ہیں، ہم ان پر انجری سے واپس آتے ہی لوڈ نہیں ڈالنا چاہتے اس لیے نوجوان کرکٹر کو موقع دیا ہے البتہ احسان اللہ کی انجری سے مکمل ری کور نہیں کرسکے ہیں اس لیے وہ شاید پی ایس ایل کا حصہ نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 کے ٹاپ پرفارمر کیلئے ایک کیمپ لگائیں گے، جس میں کامران غلام، عمیر بن یوسف، احمد شہزاد، محمد حارث، شہاب خان، محمد عمران، محمد عامر خان، اور عارف یعقوب شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔