صاحب حیثیت افراد پر ٹیکس بڑھارہے ہیں، وزیر خزانہ پنجاب

اے پی پی  جمعرات 29 مئ 2014
صوبائی ٹیکسز اور ڈیوٹیز کو کمپیوٹرائز کیا جارہا ہے،لوڈشیڈنگ 4 سال میں ختم ہوجائیگی،مجتبیٰ شجاع الرحمن  فوٹو: پی پی آئی/فائل

صوبائی ٹیکسز اور ڈیوٹیز کو کمپیوٹرائز کیا جارہا ہے،لوڈشیڈنگ 4 سال میں ختم ہوجائیگی،مجتبیٰ شجاع الرحمن فوٹو: پی پی آئی/فائل

لاہور: وزیرایکسائز، ٹیکسیشن وخزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے اورلوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں اور دیرپا حل کے لیے انرجی سیکٹر میں پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔

غیرملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لیے حکومت نے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں اور’’ تیسرا افریقہ شو‘‘ پاکستانی اورافریقی ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبرزآف کامرس و انڈسٹریز میں’’ تیسرے افریقہ شو ‘‘کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبرکے ارکان کو پراپرٹی ٹیکس کے 14سال بعد دوبارہ سروے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ ٹیکسز میں اضافے یا نئے شعبوں کو ٹیکسیشن میں شامل کرتے وقت عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھا جارہا ہے اور صرف صاحب حیثیت افراد اور شعبوں پر ٹیکس بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بجلی کی پیداوار میں اضافے کی خاطر نجی و سرکاری شعبے میں پاورپلانٹس لگائے جارہے ہیں اور 4 سال میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی، موٹر وہیکلز، پروفیشنل، گیسٹ ہاؤسز، انٹرٹینمنٹ اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے لگائے جانے والے دیگر ٹیکسز وڈیوٹیز کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے تاکہ ہر شخص اپنے ٹیکسز کی نیٹ پرتفصیل جان سکے اور ٹیکس گزاروں کا وقت بچ سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔