سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مزید15اہلکار تعینات کیے جائینگے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 29 مئ 2014
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی انجمن کے نمائندوں کاجرائم کی کمی پر اظہار اطمینان فوٹو: عرفان علی/ ایکسپیریس/فائل

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی انجمن کے نمائندوں کاجرائم کی کمی پر اظہار اطمینان فوٹو: عرفان علی/ ایکسپیریس/فائل

کراچی: سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مزید15پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز سینٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو اور سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے میں امن امان کے صورتحال پر بات چیت کی گئی، اجلاس میں سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود میں جرائم کی صورتحال، پولیس کے تعاون اور کار کردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ ، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تاہم بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے حوالے سے دھمکیاں ابھی بھی مل رہی ہیں ۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے متعلقہ تھانے کے لیے2گاڑیاں دینے کا بھی اعلان کیا ، اس موقع پرایڈیشنل آئی جی نے سائٹ سپر ہائی وے کے نمائندوں سے وعدہ کیا ہے کہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی کار کردگی کو بہتر بنانے کیلیے مزید 15پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، انھوں نے متعلقہ ضلعی ایس ایس پی کو بھی سائٹ سپر ہائی وے صنؑعتی ایریا پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔