تاجروںکے مشورے سے ٹیکس نظام قابل قبول بنایا جائے، عتیق میر

ایکسپریس اردو  بدھ 11 جولائی 2012
کاروباری مسائل کے خاتمے کیلیے فیڈریشن کردار ادا کرے، اسمال ٹریڈرز کمیٹی سے خطاب

کاروباری مسائل کے خاتمے کیلیے فیڈریشن کردار ادا کرے، اسمال ٹریڈرز کمیٹی سے خطاب

کراچی: تاجروں کو مسائل و مشکلات سے نکلنے کیلیے باہمی تفریق ختم کرنا ہوگی، ملکی معیشت کی ترقی کیلیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت و تجارت کا فروغ ضروری ہے، حکومت کاروباری طبقے کے بنیادی مسائل کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کرے، ایف بی آرٹیکسوں کا نظام قابلِ قبول بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے جس کیلیے تاجر نمائندگان سے مشاورت کی جائے۔

سیکیورٹی معاملات کی بہتری کیلیے تمام طبقات کا یکجا اور سنجیدہ ہونا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے چیئرمین عتیق میر کی زیر صدارت فیڈریشن ہائوس میں منعقد کیے گئے کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کمیٹی کے سینئر وائس چیئرمین اصغر مورا والا، وائس چیئرمین رانا محمد اکرم، شرجیل گوپلانی، احمد شمسی، اسماعیل لالپوریہ، تحسین فاطمہ، شیخ عالم، شکیل بیگ اور دیگر نے شرکت کی جبکہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر شیخ شکیل احمد ڈھینگڑا اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین عتیق میر نے فیڈریشن کے ذمے داران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں کی تجارتی اور کاروباری مشکلات کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ شکیل احمد ڈھینگڑا نے کہاکہ فیڈریشن ہر طبقے کے تاجروں کا نمائندہ فورم ہے۔ انھوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ فیڈریشن اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے چھوٹے تاجروں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔