بھارت کی ریاست منی پور میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 2 جنوری 2024
منی پور میں کوکی اور میتی قبیلے کے درمیان مئی سے فسادات جاری ہیں۔فوٹو: اے ایف پی

منی پور میں کوکی اور میتی قبیلے کے درمیان مئی سے فسادات جاری ہیں۔فوٹو: اے ایف پی

منی پور: بھارت کی نسلی فسادات سے متاثرہ ریاست منی پور کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 3 شہریوں کو قتل اور 5 کو زخمی کردیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق منی پور کے ضلع تھوبال کے علاقے لیلونگ میں فسادات کا تازہ واقعہ پیش آیا، جہاں ایک مسلح گروپ نے بلاامتیاز فائرنگ شروع کردی۔

ریاست کے سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فوری طور پر ان کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

منی پور میں مئی 2023 میں مقامی میتی اور کوکی برادری کے درمیان نسلی فسادات شروع ہوئے تھے جہاں اب تک ان فسادات میں 180 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

حکام نے فسادات کی وجہ سے ضلع تھوبال سمیت قریبی دیگر 4 اضلاع امفال ایسٹ، امفال ویسٹ، کاکچنگ اور بشنوپور میں غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کردیا ہے۔

منی پور 32 لاکھ آبادی پر مشتمل بھارت کی چھوٹی ریاستوں میں سے ایک ہے، جس کی سرحد میانمار سے ملتی ہے۔

ریاست کی آبادی کا 16 فیصد حصہ کوکی قبیلہ پہاڑی علاقوں میں مقیم ہے اور اس سے معاشی فوائد کے ساتھ ساتھ سرکاری نوکریوں اور تعلیم کے شعبے میں کوٹہ حاصل ہے جبکہ 53 فیصد آبادی میتی قبیلے کی ہے، جس کے قبضے میں زرخیز میدانی علاقہ ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔