میچ فکسنگ کی وبا ویمنز کرکٹ کو بھی لپیٹ میں لینے لگی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 30 مئ 2014
جائلزکلارک نے تحقیقات رکوا دیں،کونسل کو فکسرز چلارہے ہیں،سابق آئی پی ایل چیف فوٹو: فائل

جائلزکلارک نے تحقیقات رکوا دیں،کونسل کو فکسرز چلارہے ہیں،سابق آئی پی ایل چیف فوٹو: فائل

لندن: میچ فکسنگ کی وبا ویمنز کرکٹ کو بھی لپیٹ میں لینے لگی۔

آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک آفیشل نے انھیں بتایاکہ ویمنز ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا ایک میچ بھی شکوک کی زد میں تھا، مگر جائلزکلارک نے اس کے بارے میں تحقیقات رکوا دیں، انھوں نے کہا کہ سری نواسن تو اپنے انجام کوپہنچ رہے ہیں، کلارک اب ہم تم پر توجہ  دیں گے، مودی نے کہا کہ چند ممالک کے کرکٹ بورڈز چیئرمین میرے ساتھ رابطے میں ہیں، جلد ہی حقائق سامنے آجائیں گے، تمام سربراہوں کو غفلت کی نیند سے جاگنا اور کلارک کو باہر کا دروازہ دکھانا ہوگا، میں اس مافیا کے خاتمے میں مدد دینے کو تیارہوں۔

مودی نے یہ بھی کہا کہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے سربراہان سری نواسن کے خلاف مگر اس کے باوجود بی سی سی آئی کے معطل صدر آئی سی سی پوسٹ پر قبضے کیلیے تیار ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ آئی سی سی کو فکسرز چلارہے ہیں، انھوں نے بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن اور انگلش بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک پر فکسنگ تحقیقات روکنے کا بھی الزام عائد کیا، مودی نے چیلنج کیا کہ اگر میرے کمنٹس غلط ہیں تو مجھے عدالت لے جاؤ، انھوں نے آئی سی سی کوبدمعاشوں کی عالمی کونسل قرار دیا۔ مودی نے اپنی ٹویٹر پروفائل کی تصویر بھی تبدیل کردی، جس میں آئی سی سی کے لوگو کو تبدیل کرتے ہوئے لکھا گیاکہ ’’ انٹرنیشنل کرکٹ آف کروکس‘‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔