کرس کینز خود کو ’’معصوم‘‘ ثابت کرنے پر تل گئے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 31 مئ 2014
کرکٹ کے ساتھ کبھی دھوکا کیا نہ ہی کسی کو کرپشن پر راغب کرنے کی کوشش میں ملوث رہا، کریز کینز فوٹو: فائل

کرکٹ کے ساتھ کبھی دھوکا کیا نہ ہی کسی کو کرپشن پر راغب کرنے کی کوشش میں ملوث رہا، کریز کینز فوٹو: فائل

آکلینڈ: کرس کینزخود کو ’’معصوم‘‘ ثابت کرنے پر تل گئے،سابق کیوی کرکٹر نے وطن واپسی پرکہاکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن حکام کے سامنے سابق کپتانوں اسٹیفن فلیمنگ،ڈینیئل ویٹوری اور موجودہ پلیئر کائل ملز سمیت کسی نے بھی براہ راست میرے خلاف گواہی نہیں دی۔

ان کے بیانات میک کولم کے اس دعوے پر مبنی تھے کہ میں نے فکسنگ کیلیے اس سے رابطہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اینٹی کرپشن حکام، میٹروپولیس اور ای سی بی کو رواں ہفتے لندن میں انٹرویوز دینے والے کرس کینز نے وطن واپسی کے بعد اپنی بے گناہی پر اصرار کیا ہے،انھوں نے کہا کہ لو ونسنٹ اور ان کی سابق بیوی کے  الزامات  بے بنیاد ہیں،آکلینڈ میں ایک تحریری بیان پڑھتے ہوئے کینزنے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ کبھی دھوکا کیا نہ ہی کسی کو کرپشن پر راغب کرنے کی کوشش میں ملوث رہا،لوونسنٹ اور نیوزی لینڈ کے موجودہ کپتان برینڈن میک کولم کی طرف سے فراہم شدہ معلومات کے تحت مجھے ہی پلیئر ’’ایکس‘‘ گردانا جا رہا ہے لیکن میرا فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں۔

انھوں نے کہا کہ سابق کپتانوں اسٹیفن فلیمنگ،ڈینیئل ویٹوری اور موجودہ پلیئر کائل ملز نے مجھ پر براہ راست کوئی الزام عائد نہیں کیا،ان کے بیانات برینڈن میک کولم کے اس دعوے پر مبنی تھے کہ میں نے فکسنگ کیلیے ان سے رابطہ کیا۔ ان میں سے 2 نے اپنے بیان میں موجودہ کیوی کپتان کے دعوے کی تائید کر دی جبکہ ایک کا کہنا تھا کہ یادداشت دھندلا رہی ہے لہذا تصدیق نہیں کرسکتا۔کرس کینز نے سوال اٹھایا کہ برینڈن میک کولم کو اگر 2008 میں ہی میرے فکسنگ میں ملوث ہونے کا علم تھا تو آئی سی سی کو رپورٹ کرنے میں اتنی تاخیر کیوں کی؟لوونسنٹ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد  اپنے جرم پر  پردہ ڈالنے کیلیے مجھ پر الزامات عائد کررہے ہیں۔

وہ 2008 میں کئی مسائل سے دوچار تھے،میں نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے کا حوصلہ کرتے ہوئے دوستی کرلی لیکن انھوں نے اس کا کوئی بھرم نہ رکھا، اب ونسنٹ خود کو میچ فکسنگ کیخلاف آواز اٹھانے والا ثابت کررہے ہیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ کرس کینز نے کہا کہ لندن میں مجھے گرفتار کیا گیا نہ کوئی فرد جرم عائد ہوئی، میں خود اپنی ذات کو کلیئر کرانے کیلیے 40 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے انٹرویو دینے گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔