ویمنز کرکٹ میں کراچی کو شکست دیکر لاہور قومی چیمپئن بن گیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 31 مئ 2014
اسلام آباد: محترمہ فاطمہ جناح قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کی فاتح لاہور کی پلیئرز کاٹرافی تھامے مہمانان خصوصی کے ہمراہ گروپ فوٹو

اسلام آباد: محترمہ فاطمہ جناح قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کی فاتح لاہور کی پلیئرز کاٹرافی تھامے مہمانان خصوصی کے ہمراہ گروپ فوٹو

لاہور: 9 ویں محترمہ فاطمہ جناح قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ لاہور نے جیت لی۔

بارش سے متاثرہ فائنل میں کراچی کی ٹیم ڈک ورتھ قاعدے کے تحت 18 رنز سے ناکام رہی، ناقابل شکست 83 کی اننگزکھیل کر لاہورکوفتح کے قریب پہنچانے والی بسمہ معروف کوویمن آف دی میچ قراردیا گیا،کراچی کی جویریہ خان ایونٹ کی بہترین بیٹسمین، حیدر آباد کی سمیعہ صدیق بہترین بولر رہیں، اسلام آباد کی ہما شفیق نے بیسٹ وکٹ کیپر اورلاہورکی سدرا امین نے ٹاپ فیلڈر کا اعزاز حاصل کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ پر فائنل میں کراچی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر222 رنز سجائے، نین عابدی نے77 کی شاندار اننگز کھیلی، جویریہ رؤف 34 اور جویریہ خان31 رنز کیساتھ دیگر نمایاں بیٹسویمنز رہیں۔

ایلزبتھ برکت، حفصہ امجد اور ارم جاوید نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لاہور ریجن کی ٹیم 43 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر 190 رنز تک پہنچی پائی تھی کہ بارش کے سبب تعطل آگیا، کافی انتظار کے بعد جب مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا تو امپائرز نے ڈک ورتھ لوئس قاعدے کے تحت لاہور کو 18 رنز سے کامیاب قراردیدیا، 83 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر لاہور کو فتح کے قریب پہنچانے والی بسمہ معروف کو میچ کی بہترین پلیئر چناگیا۔

بعدازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ اور رنرز اپ اسکواڈ کو 50 ہزار روپے کا انعام دیا گیا، ٹورنامنٹ کی بہترین بیٹسویمن کراچی کی جویریہ خان رہیں، حیدر آباد کی سمیعہ صدیقی کو بیسٹ بولر ، اسلام آباد کی ہما شفیق بیسٹ وکٹ کیپر اور لاہور کی سدارا امین بہترین فیلڈر رہیں، چاروں کو فی کس10 ہزار روپے بطور انعام دیا گیا جبکہ فائنل کی بہترین بیٹسویمن لاہور کی بسمہ معروف 20 ہزار روپے کی حقدار قرار پائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔