فلسطین نے پہلی مرتبہ ایشین فٹ بال کپ میں رسائی حاصل کرلی

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 مئ 2014
9 سے 31 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والے ایشیا کپ میں اس کے گروپ میں جاپان، عراق اور اردن شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

9 سے 31 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والے ایشیا کپ میں اس کے گروپ میں جاپان، عراق اور اردن شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

مالے: اسرائیل کی تمام تر مخالفت پابندیوں کے باوجود بلند حوصلہ فلسطین نے پہلی مرتبہ ایشیا فٹبال کپ میں رسائی حاصل کرلی۔

مالدیپ میں کھیلے گئے ایشن فٹ بال کپ چیلنج ٹورنامنٹ میں فلسطین کا مقابلہ تجربے کار ملک فلپائن سے تھا لیکن جوش نے تجربے کو مات دے دی، فلسطینی کھلاڑیوں نے حریف ٹیم پر پے درپے  حملوں کا سلسلہ جاری رکھا بالاخر کھیل کے 59 ویں منٹ میں اشرف الفواغرا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صرف کی برتری دلادی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی،ایونٹ میں فتح کے بعد فلسطین نے پہلی مرتبہ ایشیا فٹ بال کپ میں رسائی حاصل کرلی ہے.

آسٹریلیا میں 9 سے 31 جنوری تک ہونے والے اس ایونٹ میں فلسطین کے گروپ میں دفاعی چیمپئین جاپان، 2007 کے ایشیا کپ کی فاتح عراق اور اردن شامل ہیں۔ اپنے گروپ میں کئی سخت جان حریفوں کی موجودگی کے باوجود فلسطینی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، ٹیم کے کوچ جمال محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کئی اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو چیلنج راؤنڈ میں شریک نہیں ہوسکے لیکن ایشیا کپ میں وہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس ایونٹ میں بہتر نتائج کے لئے کئی بین الاقوامی ٹیموں سے پنجہ آزمائی کرنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔