اپنی نئی فلم کے پوسٹر میں بھارتی پرچم لپیٹنا ملکہ شراوت کو بھاری پڑ گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 مئ 2014

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

ممبئی: بالی ووڈ کی بے باک اداکارہ ملکہ شراوت جہاں ہوں وہاں کوئی اسکینڈل نہ بنے ایسا کیسے ہوسکتا پے اور وہ ایسے کام کرتی رہتی ہیں جس پر لوگ کوئی تبصرہ کئے بغیر نہ رہ سکیں ایسا ہی ہوا ہے ان کی آنے والی فلم ’’ڈرٹی پولیٹکس‘‘ کے پوسٹر میں جس میں انہوں نے صرف بھارتی پرچم مختصرانداز میں اپنے جسم سے لپیٹ رکھا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’’ڈرٹی پولیٹکس‘‘ فلم کی کہانی 2011 میں ریاست راجستھان میں سامنے آنے والے مشہور سیاسی اسکینڈل بھنوری دیوی کیس کو سامنے رکھ کر لکھی گئی ہے، اس فلم میں   جیکی شیروف، اوم پوری، انوپم کھیر، نصیر الدین شاہ اور آسوتوش رانا جیسے اداکار جلوہ گر ہورہے ہیں، یہ فلم ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور رواں برس کے آخر میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم کی کہانی پر تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں،مسئلہ کھڑا ہوا ہے اس فلم کے پہلے پوسٹر کا جس میں ملکہ شراوت بھارتی سیاسی طاقت کا مظہر لال بتی والی مخصوص گاڑی کی چھت پر براجمان ہیں اور انہوں نے اپنے جسم کو بھارت کے پرچم ’’ترنگا‘‘ سے لپیٹ رکھا ہے۔ فلم کا پوسٹر جیسے ہی ریلیز ہوا تو اس کے ساتھ ہی بھارتی عوام کی غیرت بھی جاگ اٹھی، عوام نے فوری طور پر یہ پوسٹر ضائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملکہ شراوت  پالی ووڈ کی فلم ’’پولیٹکس آف لو‘‘ میں بھی اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ امریکی پرچم میں لپٹی ہوئی نظر آئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔