ایم کیوایم آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کررہی ہے، الطاف حسین

ویب ڈیسک  اتوار 1 جون 2014
 نظریاتی طورپرمضبوط و مستحکم ذمہ داران اور کارکنان سرد وگرم موسم کی پرواہ کیے بغیرتحریکی جدوجہد جاری رکھتے ہیں، قائد ایم کیو ایم۔ فوٹو: فائل

نظریاتی طورپرمضبوط و مستحکم ذمہ داران اور کارکنان سرد وگرم موسم کی پرواہ کیے بغیرتحریکی جدوجہد جاری رکھتے ہیں، قائد ایم کیو ایم۔ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم ایک خاندان کی مانند ہے جو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔

لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے  رابطہ کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف تحریکی ساتھیوں سے مستقل رابطے میں رہیں بلکہ ان کی ہرممکن خبرگیری بھی کرتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک نظریاتی تحریک ہے اور اس تحریک میں شامل ایک ایک فرد پر لازم ہے کہ وہ خود کو فکری اورنظریاتی بنیادوں پر مضبوط بنائیں اور احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ اگر تحریک میں شامل ذمہ داروں نے اپنے فرائض کو نہ پہچانا تو یہ ان کی نظریاتی، شعوری اور فکری کمزوری کی دلیل ہوگی جس کا نقصان اجتماعی طورپر تحریک کو پہنچ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حقوق کی تحریکوں کو ہمیشہ نشیب وفراز سے گزرنا پڑتا ہے اور نظریاتی طورپرمضبوط و مستحکم ذمہ داران اور کارکنان سرد وگرم موسم کی پرواہ کیے بغیرتحریکی جدوجہد جاری رکھتے ہیں۔

ایم کیو کے قائد کا کہنا تھا کہ تحریک سے وابستہ تمام افراد پر لازم ہے کہ وہ ہرقسم کے حالات میں تحریک کے پیغام کے فروغ میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں، رابطہ کمیٹی کے ارکان تحریک سے وابستہ بزرگوں، خواتین اور دیگر سینئر ساتھیوں سے رابطے کرکے انہیں تحریک میں فعال کردارادا کرنے کی دعوت دیں، ہرعلاقے میں پابندی کے ساتھ تربیتی نشستوں کا انعقاد کرکے تحریکی ساتھیوں کی تربیت کریں، باقاعدگی سے دفاتر کے دورے کرکے تحریکی ساتھیوں کی خبرگیری کریں اور دیانتداری ،ایمانداری اورثابت قدمی سے حق پرستی کی جدوجہد جاری رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔