شاہ رخ خان ایک بار پھر فلمی دُنیا میں 'ہیٹ ٹرک' کرنے کیلئے تیار

ویب ڈیسک  بدھ 17 جنوری 2024
 شاہ رخ خان سال 2023 کی مصروفیت کی تھکن اُتارنے کیلئے لندن چلے گئے ہیں : فوٹو : فائل

شاہ رخ خان سال 2023 کی مصروفیت کی تھکن اُتارنے کیلئے لندن چلے گئے ہیں : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان سال 2023 کی طرح اب 2024 میں بھی اپنے مداحوں کے لیے تین فلموں کا اعلان کرنے والے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان سال 2023 کی مصروفیت کی تھکن اُتارنے کے لیے لندن چلے گئے ہیں جہاں وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ معیاری وقت گُزاریں گے کیونکہ چھٹیوں سے واپس آنے کے بعد کنگ خان ایک بار پھر اپنے نئے پراجیکٹس کی وجہ سے مصروف ہوجائیں گے۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ بتایا کہ شاہ رخ خان سال 2023 میں اپنی فلموں کی ریکارڈ توڑ کامیابی پر بےحد خوش ہیں، اُن کی تینوں فلموں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ نے باکس آفس پر دھوم مچائی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان کے پاس کچھ فلموں کی اسکرپٹ موجود ہیں، وہ لندن سے بھارت واپس آنے کے بعد اُن تمام اسکرپٹ کو پڑھیں گے اور پھر اُن پر کام کا آغاز کریں گے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان نے میڈیا کے سامنے منہ چُھپا لیا، ویڈیو وائرل

بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ یہ بات طے ہے کہ شاہ رخ خان لندن سے واپسی کے بعد تین فلموں پر کام شروع کریں گے جن کا اعلان وہ جنوری 2024 میں ہی کردیں گے جبکہ یہ تینوں فلمیں شاید 2025 میں ریلیز ہوں گی۔

واضح رہے کہ 2023 میگا اسٹار شاہ رخ خان کے کیریئر کا بہترین سال ثابت ہوا کیونکہ اداکار نے اپنے مداحوں کو ایک کے بعد ایک بلاک بسٹر فلم دی، جن میں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ شامل ہیں۔

ان سُپر ہٹ فلموں کی کامیابی کے اعزاز میں 10 جنوری کو نئی دہلی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کو ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ اور سلمان خان کے مداحوں کیلئے بُری خبر

شاہ رخ خان نے ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ ملنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہوں لیکن میں یہاں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں ایوارڈ ملنے سے پہلے بھی ایک بھارتی تھا اور آنے والے سالوں میں بھی بھارتی ہی رہوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔