آئی ایم ایف کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر اظہار اطمینان

آن لائن  پير 2 جون 2014
مستحقین کو 62ارب فراہمی کا ہدف مقرر، 30جون تک 68ارب روپے فراہم کیے جانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

مستحقین کو 62ارب فراہمی کا ہدف مقرر، 30جون تک 68ارب روپے فراہم کیے جانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بی آئی ایس پی نے عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کی جانب سے مقرر کردہ تمام اہداف کامیابی سے حاصل کرلیے ہیں اور آئی ایم ایف نے بی آئی ایس پی کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق آئی ایم ایف نے رواں مالی سال 2013-14کے دوران بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحقین کو 62ارب روپے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا جبکہ 30جون تک اس مد میں 68ارب روپے کی فراہمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ جولائی مارچ کیلیے آئی ایم ایف نے مستحقین کو 48ارب روپے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا اور بی آئی ایس پی نے مقرر کردہ ہدف کامیابی سے پورا کرتے ہوئے 48ارب 93کروڑ 80لاکھ روپے مستحقین کو ادا کیے۔

دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی جنوری مارچ کیلیے 42 لاکھ50ہزار مستحقین کو غیر مشروط کیش ٹرانسفر یو ایس ٹی کی مد میں ادائیگی کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا جبکہ بی آئی ایس پی نے ہدف نہ صرف پورا کیا بلکہ 43لاکھ 80ہزار مستحقین کو ادائیگی کی۔ اسی طرح رواں سہ ماہی اپریل جون کے 44 لاکھ 70ہزار مستحقین کے ہدف کی بجائے 47لاکھ مستحقین کو ادائیگی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔