بالی ووڈ کی دبنگ گرل 27 برس کی ہوگئیں

ویب ڈیسک  پير 2 جون 2014
آئندہ جمعے سوناکشی کی فلم ’’ہالی ڈے‘‘ ریلیز ہورہی ہے۔     فوٹو: فائل

آئندہ جمعے سوناکشی کی فلم ’’ہالی ڈے‘‘ ریلیز ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ میں دبنگ گرل کے نام سے مشہور اداکارہ سوناکشی سنہا آج اپنی 27ویں سالگرہ منارہی ہیں۔

1987 کو آج ہی کے روز بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں بالی ووڈ اداکار اور سیاستدان شتروگن سنہا کے ہاں پیدا ہونے والی سوناکشی نے اپنی ابتدائی  تعلیم ممبئی میں حاصل کی، اسی شہر سے انہوں نے فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن کررکھا ہے۔ 2005 میں انہوں نے بالی ووڈ میں بحیثیت کوسٹیوم ڈیزائنر قدم رکھا اس سلسلے میں ان کی پہلی فلم ’’میرا دل کر دیکھو‘‘ تھی۔ بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ شروع کردی۔ بالی ووڈ میں نئے چہروں کو متعارف کرانے کے حوالے سے مشہور سلمان کان نے انہیں بحیثیت اداکارہ فلموں میں کام کرنے کا مشورہ دیا اور 2010 میں سلو میاں ہی کے ہمراہ ان کی پہلی فلم ’’دبنگ‘‘ ریلیز ہوئی۔ فلم کی شاندار کامیابی نے کئی اداکاراؤں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ گزشتہ 4 برسوں کے دوران اب تک ان کی 12 فلمیں سینما گھروں کی زینت بن چکی ہیں۔ جن میں اکثر کو شائقین نے سند قبولیت بخشا ہے اور ناکام فلموں میں بھی ان کی اداکاری کی خاصی تعریف کی گئی ہے جبکہ آئندہ جمعے ان کی فلم ’’ہالی ڈے‘‘ ریلیز ہورہی ہے۔

سوناکشی کے کیرئیر کی اہم ترین فلموں میں  راؤڈی راٹھور، سن آف سردار اور دبنگ ٹو  اور ریمبو راجا شامل ہیں، فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ دبنگ گرل نے آئٹم سانگز بھی کئے ہیں اس کے علاوہ وہ کئی کمپنیوں کی برانڈ ایمبیسیڈرز بھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔