راحت فتح علی کا اپنے ملازم پر تشدد، برٹش ایشیا ٹرسٹ کا سخت ردعمل آگیا

ویب ڈیسک  اتوار 28 جنوری 2024
وائرل  ویڈیو میں راحت فتح علی خان اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے : فوٹو : اسکرین گریب

وائرل ویڈیو میں راحت فتح علی خان اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے : فوٹو : اسکرین گریب

سروں کے سلطان اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کے گھریلو ملازم پر تشدد کی ویڈیو پر برٹش ایشیا ٹرسٹ کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔

سال 2007 میں کنگ چارلس سوئم نے برٹش ایشیا ٹرسٹ قائم کیا تھا، یہ ادارہ گھریلو تشدد کے خلاف سرگرم ہے اور میوزک اسٹار راحت فتح علی خان اس ادارے کے سفیر ہیں۔

راحت فتح علی خان برٹش ایشیا ٹرسٹ کے سفیر کی حیثیت سے کئی بار شاہ چارلس سے ملاقات بھی کرچکے ہیں، یہ برطانوی ادارہ پاکستان اور بھارت میں ذہنی صحت کے اقدامات چلاتا ہے اور غربت سے نمٹنے میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔

اب راحت فتح علی خان کے اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد برٹش ایشیا ٹرسٹ کا گلوکار کے خلاف سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق برٹش ایشیا ٹرسٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم راحت فتح علی خان کے ملازم کے ساتھ بدسلوکی کے تمام الزامات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور  ہم اس سنگین معاملے کا فوری جائزہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: تشدد کا واقعہ، راحت فتح علی خان نے ملازم سے معافی مانگ لی

واضح رہے کہ 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ ایک استاد اور شاگرد کا ذاتی معاملہ ہے، اگر شاگرد اچھا کام کرتا ہے تو ہم اس کو بےانتہا پیار دیتے ہیں لیکن اگر وہی شاگرد کوئی غلطی کرتا ہے تو پھر ہم اُسے سزا بھی دیتے ہیں۔

گلوکار نے کہا تھا کہ میں نے اُسی وقت اپنے اس شاگرد حسنین نوید سے معافی مانگ لی تھی جبکہ ویڈیو میں نوید حسنین کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھی چل رہا ہے وہ سب جھو ٹ کا پلندہ ہے، ویڈیو میں جس بوتل کا ذکر ہوا وہ دم والے پانی کی بوتل کا تھا جو مجھ سے گم ہوگیا تھا، دم والے پانی کی بوتل راحت فتح علی خان کے مرشد نے انہیں دی تھی۔

مزید پڑھیں: گلوکار راحت فتح علی خان کا ذاتی ملازم پر بدترین تشدد، ویڈیو سامنے آگئی

نوید نے مزید کہا تھا کہ میرے والد کا راحت فتح علی خان سے 40 سالہ تعلق ہے، ویڈیو میں میرے والد بھی موجود ہیں، جس نے بھی یہ ویڈیو بنائی اس نے سازش کی اور وہ بہت بڑا بلیک میلر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔