'میرا بھائی میری سُنتا نہیں'، ارباز کی دوسری شادی پر سلمان خان کا ردعمل

ویب ڈیسک  پير 29 جنوری 2024
ارباز خان نے دوسری شادی شوریٰ خان کے ساتھ کی ہے : فوٹو : ویب ڈیسک

ارباز خان نے دوسری شادی شوریٰ خان کے ساتھ کی ہے : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان بھی اپنے بھائی اور فلمساز ارباز خان کی شوریٰ خان کے ساتھ دوسری شادی پر بول پڑے۔

گزشتہ روز 28 جنوری کو بھارت کے مقبول ترین ریئلیٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کی فائنل تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، ہر سیزن کی طرح بگ باس کے اس سیزن کی میزبانی بھی بالی ووڈ دبنگ اسٹار سلمان خان کررہے تھے۔

بگ باس 17 کے فائنل میں مختلف شخصیات نے بطورِ مہمان شرکت کی تھی جن میں سلمان خان کے دونوں بھائی ارباز خان اور سہیل خان بھی شامل تھے جبکہ معروف کامیڈین بھارتی سنگھ بھی اس تقریب میں موجود تھیں۔

ارباز خان جیسے ہی اسٹیج پر آئے تو بیک گراؤنڈ میوزک میں شادی کا گانا چل پڑا جس پر اُنہوں نے کہا کہ “آپ لوگ تو ایسے کررہے ہو جیسے میں پہلا انسان ہوں جس نے دوسری شادی کی ہے”۔

مزید پڑھیں: ارباز خان نے دوسری شادی کرلی، تصاویر وائرل

کامیڈین بھارتی سنگھ نے ارباز خان سے پوچھا کہ “آپ نے مجھے اپنی اور شوریٰ خان کی شادی کا دعوت نامہ کیوں نہیں پوچھا؟” جس پر فلمساز نے کہا کہ “میں آپ کو اپنی اگلی شادی پر ضرور دعوت دوں گا”۔

ارباز خان کا جواب سُن کر بھارتی سنگھ نے سلمان خان سے اُن کے بھائی کی دوسری شادی پر اُن کے خیالات پوچھے جس پر دبنگ اسٹار نے کہا کہ “یہ میری سُنتے نہیں ہیں، اگر سُنتے ہوتے تو”، سلمان خان اتنی بات کہہ کر خاموش ہوگئے۔

اس کے بعد بھارتی سنگھ نے سلمان خان سے اُن کی اپنی شادی کے بارے میں پوچھا کہ وہ کب شادی کریں گے؟ جس پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ “اب تو تم (بھارتی سنگھ) نے شادی کرلی ہے تو میں اب کبھی کسی سے  شادی نہیں کروں گا”۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کا ارباز کی دلہنیا شوریٰ کیساتھ ڈانس وائرل

واضح رہے کہ ارباز خان نے سال 2023 میں 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی تھی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔

ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، ان دونوں کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔