منگھوپیر، 7 افراد کے قتل کے واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت نہ ہوسکی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 4 جون 2014
مقتول شعیب کی میت والد اورناصر کی رشتے دار عبدالصمد اور ارشاد کی میت بھائی اصغر علی نے وصول کی۔ فوٹو: فائل

مقتول شعیب کی میت والد اورناصر کی رشتے دار عبدالصمد اور ارشاد کی میت بھائی اصغر علی نے وصول کی۔ فوٹو: فائل

کراچی: منگھوپیر میں7 افراد کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کے واقعے کی تفتیش میں کوئی اہم پیش رفت نہ ہوسکی ،قتل کیے جانیوالے3 افراد کے اہلخانہ نے ایدھی سرد خانے سے میتیں وصول کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح منگھوپیر کے علاقے غازی گوٹھ میں واقع پہاڑی کے دامن سے قمیص شلوار میں ملبوس7 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنھیں اغوا کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قطار میں کھڑا کرکے قتل کردیا گیا تھا ، قتل کیے جانیوالے7 افراد میں سے5 افراد کی شناخت ارشاد کشمیری ، ناصر ، خان سعید ، یوسف ، محمد شعیب کے نام سے کر لی گئیں تھیں ، مقتول ارشاد کشمیری اور ناصر کا تعلق گینگ وار سے تعلق بتایا جاتا ہے پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت منگھو پیر تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔

7 افراد کے قتل کے واقعے کوکئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود قتل کے مقدمے میںاہم پیش رفت نہ ہوسکی، مقدمے کے انویسٹی گیشن افسر سب انسپکٹر ریاض نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے ملنے والے نائن ایم ایم پستول کے 16 خول تجزیے کے لیے گزشتہ روز فارنزک لیبارٹری میں جمع کرا دیے ہیں، واقعے میں قتل کیے جانیوالے2 نامعلوم افراد کی شناخت کیلیے ان کے فنگر پرنٹ حاصل کرکے متعلقہ ادارے کو بجھوا دیے گئے ہیں ،فارنزک اور فنگر پرنٹ کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی تفتیش میں کسی قسم کی پیش رفت ہونے کا امکان ہے، مقتولین کا سابقہ کریمنل ریکارڈ معلوم کرنے کیلیے آج (بدھ کو) باقاعدہ متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا جائے گا۔

ایس پی بلدیہ ٹائون ساجد سدو زئی نے ایکسپریس کو بتایا کہ اب تک تحقیقات میں کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوئی، پولیس کو شبہ ہے کہ واقعے میں قتل کیے جانے والے بیشتر افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے یہی وجہ ہے کہ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا میں مقتولین کے نام شائع ہونے کے باجود بیشتر مقتولین کے ورثا نے اب تک لاشوں کی وصول کے حوالے سے رابطہ نہیں کیا ، ڈی ایس پی شوکت علی شاہانی نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش  جاری ہے ، ادھر واقعے میں قتل کیے جانے والے3 افراد محمد شعیب کی میت ان کے والد شہزادہ مقتول کی ناصر کی رشتے دار عبدالصمد اور ارشاد کشمیری کی میت ان کے بھائی اصغر علی نے سرد خانے سے وصول کر لیں، 2 نامعلوم افراد سمیت 4 افراد کی میتیں تاحال سرد خانے میں موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔