نائٹ رائیڈرز پر شائقین نے محبتوں کے پھول نچھاور کردیے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 4 جون 2014
ایڈن گارڈنز میں جشن فتح کے دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے اونر شاہ رخ خان و دیگر رقص کر رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

ایڈن گارڈنز میں جشن فتح کے دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے اونر شاہ رخ خان و دیگر رقص کر رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کولکتہ: پرستاروں نے آئی پی ایل کی فاتح کولکتہ نائٹ رائیڈرز پر محبتوں کے پھول نچھاور کردیے۔

جشن فتح میں ایڈن گارڈنز پر جامنی رنگ چھاگیا، اسٹیڈیم کے اندر 50 ہزار، باہر ڈیڑھ لاکھ افراد شور مچاتے رہے، مالک شاہ رخ خان نے کیپ اتار کر بوسے فضا میں بکھیرے، ’’لنگی ڈانس‘‘ کے بعد  فرنچائز کے ترانے ’’کاربو ، لاربو ، جیتبو‘‘ نے پرستاروں کا جوش و خروش عروج پر پہنچا دیا،موسیقی اور رقص کے طویل پروگرام نے سماں  باندھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کی فاتح کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا جشن منگل کو ایڈن گارڈن  میں منایا گیا،داخلہ مفت ہونے کی وجہ سے گنجائش سے کہیں زیادہ پرستار امڈ آئے، 50ہزار خوش قسمت اسٹینڈز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد اسٹیڈیم کے باہر ہی کھڑے رہنے پر مجبور ہوئے، انھیںکنٹرول کرنے کیلیے پولیس کو ہلکا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا، اس موقع پر میدان  میں جامنی رنگ چھایا رہا، فرنچائز کے کھلاڑیوں نے  مالک شاہ رخ خان اور پارٹنرجوہی چاولہ کے ہمراہ گولڈن ٹرافی اٹھا کر میدان کا چکر لگایا  تو اسٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا۔ بالی ووڈ بادشاہ نے اپنا ہیٹ اتار کر پرستاروں کیلیے بوسے فضا میں بلند کرنے کے ساتھ ’’لنگی ڈانس‘‘  گانے پر رقص کیا تو میدان میں موجود ہر کوئی ہم نوا ہوگیا،جوہی چاولہ نے کولکتہ نائیٹ رائیڈرز کے ترانے ’’کاربو ، لاربو ، جیتبو‘‘ کی موسیقی میں  کھلاڑیوں کے ہمراہ واک کی تو جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا، میوزک اور رقص کے  طویل پروگرام نے ماحول گرمائے رکھا۔

اسٹیج پر بہت بڑے سائز کا کیک کاٹتے ہوئے بنگالی فلم انڈسٹری کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔ فلائیٹ میں خرابی کی وجہ سے 3گھنٹے تاخیر سے آنے والے شاہ رخ نے فلم ڈان کا مشہور ڈائیلاگ دہراتے ہوئے کہا کہ ’’ڈان کو اگر کوئی پکڑ سکتا ہے تو وہ کے کے آر کے پرستار ہیں‘‘ انھوں نے کہا کہ دنیا کی کسی ریاست یا ملک نے اپنی ٹیم کو اتنا پیار نہیں دیا ہوگا جتنا ہمیں ملا، اچھے بُرے وقتوں میں سپورٹ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ویسٹ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے شاندار فتح پرٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لوگوں کو خوشی کے لمحات فراہم کرنے پر کرکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔