ایپکا، اساتذہ اور ریلوے ملازمین نے بجٹ مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا

نمائندگان ایکسپریس  بدھ 4 جون 2014
حکومت غریب مکائو مہم پر عمل پیرا ہے،5جون کو قلم چھوڑ ہڑتال،10جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائیگا، ایپکا قائدین:  فائل فوٹو

حکومت غریب مکائو مہم پر عمل پیرا ہے،5جون کو قلم چھوڑ ہڑتال،10جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائیگا، ایپکا قائدین: فائل فوٹو

لاہور / راولپنڈی: ایپکا، اساتذہ اور ریلوے ملازمین نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں تحریک چلانے اور احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔

آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین سلطان مجددی، مرکزی صدر منیر بلوچ، مرکزی جنرل سیکریٹری فدا اصغر، مرکزی رہنما چوہدری غلام رسول، صوبائی صدر پنجاب چوہدری افضل، ڈویژنل صدر لاہور چوہدری عبدالشکور، ڈویژنل جنرل سیکریٹری لاہور ندیم چغتائی، صدر پنجاب ہائی وے سہیل محمود درانی، صوبائی پریس سیکریٹری پنجاب عاصم شہزاد مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایپکا وفاقی بجٹ کو مسترد کرتی ہے اور اس ظالمانہ بجٹ کیخلاف ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ5جون کو ملک بھرکے ضلعی اور صوبائی ہیڈکواٹرز پر قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ10جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ سنگین مذاق اور اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ حکومت غربت مکائو نہیں بلکہ غریب مکائو مہم پر عمل پیرا ہے۔ ادھر ریلوے ورکرز یونین اور ریلوے پریم یونین نے وفاقی بجٹ کو مستردکرتے ہوئے آج ہڑتال کرنے، ریلوے سٹیشنوں پر دھرنا دینے اور ٹرینیں روکنے کا اعلان کیا ہے۔ یونین قائدین مبارک حسین، ڈاکٹر اشتیاق، تبریز عباسی نے کہا کہ بجٹ مایوس کن ہے، کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ادھر پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سجاد اکبر کاظمی، امتیاز عباسی، چودھری سرفراز، رانا لیاقت، ظفر سندھو، ملک سعید، چوہدری محمد علی، جام صادق، امتیاز طاہر، اسلم گھمن،سجاد اختر اعوان، میاں ارشد، مستنصر اعوان، رانا خالد، جاوید چودھری، مرزا طارق و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ موجودہ بجٹ بھی صرف الفاظ کاگورکھ دھندہ ہی نکلا۔ مہنگائی میں200% اضافہ کرکے صرف 10%کا ریلیف دینا انسانیت سوز عمل ہے۔ وہ اس انسان دشمن بجٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے احتجاجی پروگرام ترتیب دیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔