کیا رنبیر کی ’انیمل پارک‘ میں شاہد کپور بھی انٹری دیں گے اداکار کا بیان سامنے آگیا
رواں برس ‘انیمل پارک’ کی کہانی اور کاسٹ مکمل ہوگی جبکہ 2025 میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوگا
بالی وڈ اسٹار شاہد کپور نے رنبیر کپور کی بلاک بسٹر فلم 'انیمل' کے سیکوئیل میں اپنی شمولیت کا امکان ظاہر کردیا۔
شاہد کپور کے کیریئر کو سندیپ ریڈی وانگا کی فلم 'کبیر سنگھ' سے بڑی اڑان ملی اور اب ڈائریکٹر کی نئی فلم 'انیمل' نے بھی بڑے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکار کا کہنا تھا کہ ناظرین کی اپنی پسند ہوتی ہے لیکن کسی بھی فلم میں شمولیت ان کے ہاتھ میں نہیں ہے، اس کا فیصلہ ڈائریکٹر کرتے ہیں۔
انہوں نے 'انیمل پارک' میں انٹری کے امکان کے ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات ناممکن نہیں ہے اور کیا معلوم کے اس حوالے سے کام ہورہا ہو۔
دوسری طرف ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ فلم 'انیمل' کا سیکوئل فروری میں تحریری مرحلے میں جائے گا، رائٹرز کی ٹیم سندیپ ریڈی کی طرف سے دیے گئے پلاٹ لائن کی بنیاد پر سیکوئل کا اسکرپٹ تیار کرے گی۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ 'انیمل پارک' میں رنبیر کپور کے ظاہری کردار پر توجہ دی جائے گی جبکہ رشمیکا مندانا کے اپنے شوہر(رنبیر کپور) اور اپنے بیٹے کے ساتھ تعلقات کو بھی دیکھا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال 'انیمل پارک' کی کہانی سے لیکر کاسٹ تک کام مکمل کیا جائے گا اور سال 2025 میں اس کی شوٹنگ کا آغاز ہوگا۔