کراچی میں 3 چار فروری کو بارش اور پیر سے سردی بڑھنے کا امکان

بلوچستان کے راستے سے مغربی سسٹم شہر میں داخل ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک February 02, 2024
محکمہ موسمیات نے ارلی وارننگ پیشگوئی کردی (فوٹو: فائل)

محکمہ موسمیات نے ہفتے اور اتوار کے دن کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ملک میں مغربی سسٹم داخل ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں جمعے کی صبح بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق مغربی لہربلوچستان پربرقرار ہے، جس کے باعث کراچی میں 3 اور 4 فروری کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، دیہی سندھ کےمختلف اضلاع میں بھی درمیانی اور ہلکی شدت کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق ہفتے کو سہ پہر سے شام کے درمیان شہر میں بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، جس کے دوران ہلکی و درمیانی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

ان کا کہناہے کہ حالیہ سسٹم کے تحت غیرمعمولی بارشیں ہونے کا تاثر درست نہیں ہے۔ سردارسرفراز کے مطابق اتوار کی دوپہرتک مذکورہ سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کی جانب منتقل ہوجائےگا،تاہم 5فروری کے بعد شہر میں سردی کی نئی لہر بھی متوقع ہے،جس کے دوران رات کے درجہ حرارت 13ڈگری تک گرسکتے ہیں۔

ان کا مز ید کہناہے کہ مغربی سسٹم کے عقب میں موجود سرد ہوائیں بلوچستان کے مختلف اضلاع کے علاوہ دیہی سندھ بشمول کراچی پراثراندازہونگی جس کے سبب سردی میں اضافہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں