شاہ رخ خان کے گھر 'منت' کے اندرونی حصے کی ویڈیو لیک

ویب ڈیسک  جمعرات 8 فروری 2024
ویڈیو شاہ رخ خان کے کسی پڑوسی نے اپنی گھر کی چھت سے بنائی ہے : فوٹو : ویب ڈیسک

ویڈیو شاہ رخ خان کے کسی پڑوسی نے اپنی گھر کی چھت سے بنائی ہے : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے گھر ‘منت’ کے اندرونی حصے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی جس میں اداکار اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ فٹبال کھیل رہے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرم پر شاہ رخ خان کے فین پیچ کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جوکہ میگا اسٹار کے گھر ‘منت’ کے اندرونی حصہ کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں شاہ رخ خان اپنے گھر کے لان میں اپنے چھوٹے بیٹے ابرام خان کے ہمراہ فٹبال کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ باپ بیٹے کی جوڑی کے ساتھ کچھ لڑکے بھی موجود ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے بیٹے کے ساتھ فٹبال کھیلنے میں مصروف ہیں اور اُنہیں ویڈیو بننے کا علم نہیں، میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ویڈیو شاہ رخ خان کے کسی پڑوسی نے اپنی گھر کی چھت سے بنائی ہے۔

‘منت’ کی لیک ویڈیو پر شاہ رخ خان کے مداحوں کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ کسی کے گھر کی چھپ کر ویڈیو بنانا غلط ہے اور شاہ رخ خان کو اپنے گھر کی پرائیوسی پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کا محل نما گھر ‘منت’ بےحد مقبول ہے، اُن کے گھر کے باہر ہمیشہ ہی مداحوں کا رش رہتا ہے جو گھر کے بیرونی حصے کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں۔

شاہ رخ خان کا گھر ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں واقع ہے، اداکار کا یہ گھر 6000 اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے اور اُنہوں نے یہ گھر تقریباََ 13 کروڑ کا خریدا تھا لیکن اب اس گھر کی قیمت دو سو کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔