گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کا الطاف حسین کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جون 2014
گورنر سندھ نے وزیراعظم کی جانب سے بھی الطاف حسین کی خیریت دریافت کی،فوٹو:فائل

گورنر سندھ نے وزیراعظم کی جانب سے بھی الطاف حسین کی خیریت دریافت کی،فوٹو:فائل

لندن: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے لندن کے ویلنگٹن اسپتال میں زیرعلاج ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی  فون کرکے  ان کی خیریت دریافت کی۔ گورنر سندھ نے الطاف حسین کو ان کی گرفتاری کے بعد ملک کی موجودہ صورتحال اور کارکنان میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے الطاف حسین کو ان کے کیس سے متعلق وفاقی حکومت کے کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کو ہر ممکنہ قانونی معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے، حکومت اور عوام الطاف حسین کے لیے فکر مند ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے۔

گورنر سندھ نے بالخصوص الطاف حسین سے ان کی صحت کے بارے میں آگاہی لی اور وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے بھی ان کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد گورنر سندھ کا کسی بھی حکومتی نمائندے کے طور پر الطاف حسین سے یہ پہلا براہ راست رابطہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔