عفت عمر نے عون چوہدری کی جیت کو الیکشن 2024 کا سب سے بڑا مذاق قرار دیدیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 فروری 2024
عون چوہدری لاہور کے حلقہ این اے 128 سے کامیاب ہوگئے : فوٹو : ویب ڈٰیسک

عون چوہدری لاہور کے حلقہ این اے 128 سے کامیاب ہوگئے : فوٹو : ویب ڈٰیسک

 لاہور: معروف اداکارہ و میزبان عفت عمر نے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے امیدوار عون چوہدری کی جیت کو مذاق قرار دے دیا۔

لاہور کے این اے 128 سے استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کے عون چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا نے الیکشن لڑا تھا جس میں عون چوہدری ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

سلمان اکرم راجا کی شکست اور عون چوہدری کی جیت پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے اداکارہ عفت عمر نے سوشل میڈیا کا رُخ کیا۔

عفت عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ سلمان اکرم راجا کا ہارنا اور عون چوہدری کا جیتنا الیکشن 2024 کا سب سے بڑا مذاق ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ فضول کی حرکتیں کرنا بند کریں اور قبول کریں اب عوام آپ کے ہاتھ سے نکل گئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ہے عوام سلمان اکرم راجا کو ہی چاہتی ہے، یہی حقیقت ہے، اسے تسلیم کریں۔

عفت عمر نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں کہا کہ الیکشن 2024 میں جیتنے والوں اور ہارنے والوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ نتائج قبول کرنے کی ضرورت ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اب پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کا نیا نام انڈیپینڈنٹ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ لاہور کے این اے 128 سے عون چوہدری کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کھڑے ہوئے تھے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سلمان اکرم راجا ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مزید پڑھیں: نور بخاری اپنے شوہر عون چوہدری کا ساتھ دینے میدان میں آگئیں

سلمان اکرم راجا نے این اے 128 کے انتخابی نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو 12 فروری تک حلقہ این اے 128 کے نتائج اور عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔