تمام سیاسی قوتوں کو پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا، شہبازشریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 فروری 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ  ( ن ) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، تمام سیاسی قوتوں کو پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا۔

شہبا شریف نے  ان خیالات کا اظہار حکومت سازی کے حوالے سے بلائے گئے اہم  پارٹی اجلاس میں کیا، جس میں  سینیٹر اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک محمد احمد خان، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ اور خواجہ عمران نزیر شریک  تھے۔

اجلاس میں حکومت سازی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پر مختلف جماعتوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا، اجلاس میں حکومت سازی کے لیے مختلف آپشنز پر مشاورت کی گئی۔

دوران اجلاس پارٹی راہنمائوں نے 8 فروری کے انتخابات میں کامیابی پر پارٹی صدر کو مبارک باد دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم اور عوام کی حمایت سے مسلم لیگ (ن)  عام انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف عوام کو مہنگائی اور مسائل سے نجات دلانا ہوگا، لیگی رہنما نے مزید کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔