دپیکا بالی ووڈ کی سب سے مہنگی اداکارہ بن گئیں

شوبز ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
دیپکا کی شاہ رخ اور ابھشیک کے ساتھ فلم ہیپی نیو ائیر پر بھی کام جاری، 23 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔  فوٹو : فائل

دیپکا کی شاہ رخ اور ابھشیک کے ساتھ فلم ہیپی نیو ائیر پر بھی کام جاری، 23 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ فوٹو : فائل

ممبئی:  دپیکا پڈوکون جن کا شمار ان دنوں بالی ووڈ کی کامیاب ادکاراؤں میں ہو رہا ہے فلمی دنیا میں کسی فلم میں کام کرنے کے عوض سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکارہ بھی بن گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں کام کرنے کا معاوضہ آٹھ کروڑ بھارتی روپے لے رہی ہیں۔ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’’رام لیلا‘‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد دیپکا پڈوکون کی مقبولیت میں کئی گنا اضافہ ہوا جس پر سجنے لیلا بھنسالی نے اسے اپنی نئی فلم میں کام کرنے کی پیشکش بھی کردی جب کہ کرن جوہر بھی انھیں اپنی فلم ’’شدھی‘‘ میں کاسٹ کر چکے تھے جس پر اداکارہ نے ان کی فلم کے ساتھ ساتھ ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔

اس فلم میں وہ اداکارہ رنویر سنگھ کے ساتھ مستانی کا کردار نبھائیں گی۔ ذرائع کے مطابق ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی ان دنوں تاریخی موضوع پر بنائی جانے والی اپنی اس فلم کی عکسبندی کے لیے مختلف علاقوں میں اہم مقامات تلاش کر رہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ کا انتخاب کیا جا رہا ہے اور جیسے ہی یہ تمام امور طے پاجائیں گے۔ فلم کی عکسبندی شروع کر دی جائے گی۔

دوسری طرف دپیکا کی شاہ رخ اور ابھشیک بچن کے ساتھ فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ بھی ان دنوں تکمیل کے مراحل میں ہے گوری خان کی پروڈکشن اور فرح خان کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی اس فلم میں سونوسود، بومن ایرانی ویوان شاہ اور جیکی شروف بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں جب کہ اس کا میوزک وشال شیکھر نے ترتیب دیا ہے۔ یہ فلم رواں برس 23 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا بھارت کے ایک نجی بینک ایکسیس کی برانڈ ایمبیسڈر بھی بن گئیں۔ اداکارہ اس بینک کی نئی مہم ’’ باندھنے کے کئی نام ہیں‘‘ کی تشہیرمیں حصہ لیں گی۔ دپیکا کا کہنا ہے کہ بینک کسی بھی فرد کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور یہی اس تشہیری مہم کا حصہ بننے کی اہم وجہ ہے اور وہ بینک کی برانڈ ایمبیسڈر بننے پر خوشی محسوس کر رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔