اعصام برطانوی ایوان نمائندگان سے خطاب کے منتظر

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
فرنچ اوپن کے دوران گھٹنے کی انجری نے پریشان کیا، اب مکمل فٹ ہو چکا  فوٹو: فائل

فرنچ اوپن کے دوران گھٹنے کی انجری نے پریشان کیا، اب مکمل فٹ ہو چکا فوٹو: فائل

لاہور: پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق برطانوی ایوان نمائندگان سے خطاب کے شدت سے منتظر ہیں۔

نمائندہ ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے نمائندگان سے خطاب کے حوالے سے تھوڑا نروس ضرورہوں تاہم میری کوشش ہے کہ اہم شخصیات کے سامنے مثبت تاثر چھوڑ سکوں، انھوں نے کہا کہ یہ کورٹ کے باہر میری زندگی کا ایک یادگار لمحہ ہوگا،  اپنی تقریر میں پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کی کوشش کروں گا۔یاد رہے کہ اعصام الحق کو برطانوی پارلیمنٹ کے اسپیکر جان برکاؤ نے ہاؤس آف کامن سے خطاب کی دعوت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹینس اسٹار دنیا بھر کے نوجوانوں کیلیے رول ماڈل ہیں۔  اعصام الحق ٹینس میں ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ دنیا بھر کے مسائل زدہ عوام کی خدمت کرنے میں بھی پیش پیش ہیں،  وہ اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے پاکستان ہلال احمر سوسائٹی سے منسلک ہوئے، اس دوران 2010 میں انھیں آرتھر ایش ہیومنٹیرین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

اعصام الحق پاکستان، عراق، افغانستان اور کمبوڈیا میں ڈس ایبلڈ کھلاڑیوں میں اسپورٹس کا سامان تقسیم کرنے میں بھی مصروف ہیں، وہ مستقبل میں انہی ممالک میں جنگ کی وجہ سے ٹانگوں سے محروم افراد میں ویل چیئر بھی باٹنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے حوالے سے اعصام الحق نے کہاکہ گراس کورٹ ہمیشہ سے میرا فیورٹ رہا،اس لیے کوشش ہوگی کہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ انھوں نے کہا کہ فرنچ اوپن ڈبلز ایونٹ کے دوسرے ہی راؤنڈ میں شکست حیران کن تھی،گھٹنے کی انجری نے بھی پریشان کیا جس کی وجہ سے مکس ڈبلز میں شریک نہ ہوسکا لیکن اب مکمل فٹ ہوں، ومبلڈن کورٹ پر بہترین کھیل پیش کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔