فٹبال ورلڈ کپ کے خلاف سیاہ نقاب پوش پھر متحرک ہوگئے

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
ریلوے ورکرزنے بھی ہڑتال کردی، بے گھرافراد کا اسٹیڈیم کی جانب امن مارچ۔ فوٹو: فائل

ریلوے ورکرزنے بھی ہڑتال کردی، بے گھرافراد کا اسٹیڈیم کی جانب امن مارچ۔ فوٹو: فائل

ریو ڈی جنیرو / ساؤ پاؤلو: برازیل میں ورلڈ کپ کے خلاف سیاہ نقاب پوش پھر متحرک ہوگئے، متوسط اور غریب طبقے کے نوجوانوں نے چہرے چھپاکر احتجاج شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک برس قبل کنفیڈریشن کپ کے موقع پر سیاہ نقاب پوشوں نے برازیلین حکومت کو کافی پریشان کیا،اس سے پُرتشدد واقعات نے بھی جنم لیا تھا،اب پھر سیاہ نقاب لگائے متوسط اور غریب طبقے کے نوجوان متحرک ہونا شروع ہوگئے ہیں، یہ لوگ اپنی موجودہ حالت زار پر خوش نہیں اور حکومت سے سوشل تبدیلیاں لانے اور ان کے حالات زندگی بہتر بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں، سیکیورٹی ماہرین نے ان نقاب پوشوں کو بہت بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب سائوپائولو میں ہزاروں بے گھر افراد نے پُرامن طور پر افتتاحی میچ کے وینیو کورنتھیانس کی جانب مارچ کیا، وہ حکومت سے اپنے لیے سستی رہائشی اسکیمیں شروع کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ ایک طرف تو انتظامیہ بڑھتے ہوئے مظاہروں سے تنگ ہے وہیں دوسری جانب ہڑتالوں نے بھی ان کی ناک میں دم کیا ہوا ہے، اب سائوپائولو کی انڈر گرائونڈ ریلوے کے ملازمین نے ہڑتال شروع کردی، وہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کررہے ہیں،اگرچہ حکومت نے 8.5 فیصد اضافے کی پیشکش کی مگر وہ 10 فیصد سے کم پر راضی نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔