بیرون ملک اثاثے؛ نواز، بلاول اورعمران سمیت 60 سیاستدانوں کی عدالت طلبی کا اشتہار شائع

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
20 جون تک جواب داخل نہ کرایا تو عدالت اپنی کارروائی جاری رکھے گی۔ لاہور ہائی کورٹ فوٹو: فائل

20 جون تک جواب داخل نہ کرایا تو عدالت اپنی کارروائی جاری رکھے گی۔ لاہور ہائی کورٹ فوٹو: فائل

لاہور: ہائی کورٹ کے حکم پر بیرون ملک اثاثہ کیس میں وزیر اعظم نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان سمیت ملک کے 60 سیاستدانوں کی عدالت طلبی کا اشتہار اخبار میں شائع کرادیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر مقامی اخبار میں شائع کرائے گئے اشتہار میں وزیر اعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد،  چوہدری شجاعت حسین ،شیخ رشید احمد،چوہدری نثار علی خان، پرویز مشرف، جاوید ہاشمی، اسحاق ڈار اورسردارایازصادق سمیت 60 سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے نام درج ہیں۔

اخبار میں کہا گیا ہے کہ 20 جون کو یہ تمام لوگ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس خالد خان کے حکم پر ہر صورت میں بیرون ملک اپنے اثاثوں سے متعلق جواب داخل کروائیں۔ بصورت دیگر عدالت عالیہ اپنی کارروائی جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق ان سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو نوٹس جاری کئے تھے تاہم عدالتی نوٹس وصول کرنے سے معذرت کر لی جبکہ بعض نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیاتھا، جس پر گزشتہ سماعت میں عدالت عالیہ نے ان کے نام اشتہار شائع کرانے کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔