الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم کے دھرنوں کا پانچواں روز،جمعہ کو یوم دعا منایاگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
دھرنے میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے علاوہ خواتین اور  بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ فوٹو: ایکسپریس \ فائل

دھرنے میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ فوٹو: ایکسپریس \ فائل

کراچی: لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے حراست میں لئے جانے کے بعد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کے احتجاجی دھرنے پانچویں روز بھی جاری ہیں جبکہ ایم کیو ایم نے گزشتہ روز جمعہ کو یوم دعا منایا۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں نمائش چورنگی پر پانچویں روز بھی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے علاوہ خواتین اور  بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ شدید گرمی کے باعث دھرنے میں شریک افراد کے لئے ٹھنڈے پانی اور سایہ دار جگہ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے جبکہ گرمی سے بے حال افراد کی فوری طبی امداد کے لئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکار بھی موجود ہیں، کسی بھی قسم کے ناخواشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ ایم کیو ایم کے کارکن بھی سیکیورٹی انتطامات میں ان کی بھرپور معاونت کررہے ہیں۔

سندھ میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، نواب شاہ ،میرپورخاص، لاڑکانہ ، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی ،اوباڑو ، ڈہرکی، میرپورماتھیلو، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، کندھکوٹ، خیرپور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، ٹھٹھہ، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن احتجاجی دھرنے دیئے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایم کیوایم کی جانب سے گزشتہ روز جمعہ کو ملک بھر میں یوم دعا منایا گیا ، جس کے تحت نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملک بھر میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی صحت یابی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔