بھارت میں سکھوں کے مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل میں 2 گروپوں میں تصادم سے 12 افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب ایک گروپ کے رہنما کو اس موقع پر خطاب کے لئے نہ بلایا گیا۔  فوٹو: رائٹرز

صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب ایک گروپ کے رہنما کو اس موقع پر خطاب کے لئے نہ بلایا گیا۔ فوٹو: رائٹرز

امرتسر: سکھوں کے مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل میں 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساںا ادرے کے مطابق بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں  سکھوں کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوج کے آپریشن ’’بلیو اسٹار‘‘ کے 30 برس مکمل ہونے پر تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب ایک گروپ کے رہنما کو اس موقع پر خطاب کے لئے نہ بلایا گیا۔  دونوں گروپوں کے درمیان تکرار نے دیکھتے ہی دیکھتے تصادم کی شکل اختیار کرلی، اور ایک دوسرے پر تلواروں اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا، تصادم کے نتیجے میں  12 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مقامی منتظمین کی مدد سے صورت حال پر قابو پایا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ 6 جون 1984ء کو گولڈن ٹیمپل میں موجود سکھ علیحدگی پسندوں کے خلاف بھارتی فوج نے آپریشن بلیو اسٹار کے نام سے کارروائی کی تھی جس میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے، اسی کارروائی کی وجہ سے اس وقت کی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان ہی کے سیکیورٹی گارڈز نے قتل کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔