لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
الطاف حسین 3 روز تک لندن کے ویلنگٹن اسپتال میں زیر علاج رہے۔ فوٹو: فائل

الطاف حسین 3 روز تک لندن کے ویلنگٹن اسپتال میں زیر علاج رہے۔ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خون کے تجزیئے اور اینجیو گرافی کی رپورٹس کے معائنے کے بعد انہیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے جہاں منی لانڈرنگ کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کی مدت الطاف حسین کی پولیس حراست میں شامل نہیں ہوگی ، اس لئے قانون کے مطابق انہیں پیر کی شام تک حراست میں رکھاجاسکتا ہے۔ اس دوران وہ ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں۔

اس سے قبل  ڈاکٹروں نے الطاف حسین کی اینجیو گرافی کی رپورٹس تسلی بخش قرار دے دی تھی۔ جس کے بعد ان میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ان کی پولیس اسٹیشن منتقلی کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ منگل کو لندن پولیس نے الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لیا تھا تاہم ان کی خراب طبیعت کو دیکھتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 3 روز سے ان کا علاج جاری تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔