افغان صدارتی امیدوارعبداللہ عبداللہ پر قاتلانہ حملے میں 4 افراد ہلاک، 16زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جون 2014
افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ 14 جون کو ہو گی فوٹو؛ فائل

افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ 14 جون کو ہو گی فوٹو؛ فائل

کابل: افغان صدراتی امیدوارعبداللہ عبداللہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جب کہ 4 افراد ہلاک اور ان کے کئی سیکیورٹی گارڈز زخمی ہو گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے مطابق افغان صدارتی انتخابات کے مضبوط ترین امیدوارعبداللہ عبداللہ کابل میں ایک جلسے سے خطاب کرنے کے بعد دوسرے جلسے کے لئے جا رہے تھے کہ ان کا قافلے میں شامل گاڑیاں بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی اور پھر چند ہی لمحوں بعد ایک خود کش حملہ آور نے خود کو بارودی مواد کی مدد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جب کہ عبداللہ عبداللہ کے متعدد سیکیورٹی گارڈز زخمی ہو گئے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ دوسری جانب کابل کے پولیس چیف محمد ظاہر کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے خود کش تھے ایک حملہ آور نے پہلے بارود سے بھری گاڑی عبداللہ عبداللہ کے قافلے سے ٹکرائی اور پھر دوسرے حملہ آور نے خود کو اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔

افغان انتخابات میں عبداللہ عبداللہ کے مد مقابل امیدوار اشرف غنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر عبداللہ عبداللہ پر کئے جانے والے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک میں بدامنی پھیلانے اور جمہوری نظام کو متاثر کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ 14 جون کو ہو گی جب کہ طالبان نے صدارتی انتخابات کے دوران حملے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔