یوٹیلیٹی اسٹورز پر رواں برس بھی رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 14 فروری 2024
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: نگراں حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اس سال بھی رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 19 بنیادی اشیا رعایتی قیمتوں پر فروخت کی جائیں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں وفاقی حکومت ہر سال کی طرح اس سال بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پر وزارت صنعت و پیداوار کے ذریعے عوام کی سہولت کے لیے رمضان ریلیف پیکیج کا اجراء کر رہی ہے جس کے لیے خصوصی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے 19 بنیادی اشیاء خوردونوش پر خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی جس میں آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، چاول، دالیں، کھجور، بیسن، دودھ، مشروبات اور مسالہ جات شامل ہیں۔

رمضان ریلیف پیکیج سے صرف بی آئی ایس پی پر رجسٹرڈ وہ خاندان مستفید ہوسکیں گے جن کا غربت انڈیکس پر اسکور PMT-60 یا اس سے کم ہو، جو خاندان بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ نہیں ہے وہ بی آئی ایس پی کے قریبی دفاتر سے رابطہ کرکے اپنی رجسٹریشن کروالیں۔

ترجمان کے مطابق ٹارگٹڈ سبسڈی کے علاوہ جنرل صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمتیں مقرر کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔