مودی کا ایجنڈا جارحیت ہے، جنگ چھڑسکتی ہے، حمید گل

آئی این پی / آن لائن  ہفتہ 7 جون 2014
نواز شریف نے مایوس کیا، مشرف پرمقدمہ 12اکتوبر سے چلایا جائے،عدلیہ جنرل کا وقار ملحوظ رکھے۔ فوٹو: فائل

نواز شریف نے مایوس کیا، مشرف پرمقدمہ 12اکتوبر سے چلایا جائے،عدلیہ جنرل کا وقار ملحوظ رکھے۔ فوٹو: فائل

مظفر آباد: سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رٹائرڈحمیدگل  نے کہاہے کہ فوج کے وجود کی بنیاد اورجوازکشمیر ہے، جنرل راحیل نے شہدا کے ورثا کے درمیان کھڑے ہوکر کشمیرکو ملک کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے اپنا وژن بیان کردیا، مودی کاایجنڈا جارحیت ہے، جنگ چھڑسکتی ہے۔

آن لائن کے مطابق انھوں نے کہاکہ نواز شریف نے مایوس کیا، مشرف پرمقدمہ 12اکتوبر سے چلایا جائے،عدلیہ جنرل کا وقار ملحوظ رکھے۔ آئی این پی کے مطابق انھوں نے کہاکہ مودی کے اقتدارمیں آنے کے بعد کوئی سابق فوجی خودکورٹائرڈ نہ سمجھے ہندوئوں نے اپنے تربیت یافتہ غنڈے کواقتدار پرلاکرپاکستان کی تباہی کے نعرے لگانا شروع کردیے ہیں۔ جمعے کو یہاں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کشمیر کے زیراہتمام منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ قوم کشمیرکو پس پشت ڈالنے والوں کا بوریا بستر لپیٹ دے گی، مودی جارحیت کاایجنڈالے کرآیاہے،میں جنگ کی بھاشاکے شعلے بھڑکتے دیکھ رہاہوں۔

پرویزمشرف پرغداری کاالزام درست نہیں ہے۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حمید گل نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلیے جانے سے پہلے نواز شریف سے میری بات چیت ہوئی تھی اور میںنے انھیں کہا تھا کہ آپ بھارت جائیں لیکن وہاں پر کشمیریوں کے حقوق پر بات کریں لیکن نواز شریف نے ایسا کوئی موقف اختیار نہیں کیا چند دنوں میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں پر تشدد اور قتل و غارت گری شروع ہوچکی ہے جوکہ تشویشناک ہے اگر اس مسئلے پر حکمرانوں نے کوئی حکمت عملی مرتب نہ کی تو جنگ بھی چھڑ سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔