بھرپور فلمی اننگز کیلئے تیار ہوں، رائما خان

قیصر افتخار  اتوار 8 جون 2014
جلد ہی ہم بھی فلموں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچ جائیں گے، رائماخان  فوٹو : فائل

جلد ہی ہم بھی فلموں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچ جائیں گے، رائماخان فوٹو : فائل

لاہور: معروف اداکارہ رائمہ خان نے ٹی وی ڈراموں اور ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ بھرپور فلمی اننگز کھیلنے کی تیاریاں شروع کردیں۔وہ ایک طرف توکرکٹ کی دنیا کے معروف ستارے محمد آصف کے ساتھ اہم کردار نبھائینگی اور دوسری جانب پاکستان فلم انڈسٹری پربرسوں سے راج کرنیوالے ورسٹائل ہیرو کے ساتھ بھی اداکاری کا میچ کھیلیں گی۔

رائمہ خان نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ’’ایکسپریس‘‘کوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ شوبز کی چکا چوند دنیا میں بڑے پردے پرکام کرنا ہم فنکار کی خواہش ہوتی ہے لیکن میں نے اپنے کیرئیرکا آغاز ماڈلنگ سے کیا اوراس کے بعد ٹی وی ڈراموں کی طرف آگئی۔ اچھوتے اورمنفرد کردار نبھاتے نبھاتے ٹی وی سے ایسی دوستی ہوئی کہ پھر فلموں کی طرف آنے کا خیال ہی نہ رہا۔ ایک طرف تومعمول کے ساتھ ماڈلنگ، فوٹوشوٹس اورڈراموں میں ایکٹنگ کا سلسلہ جاری تھا تودوسری جانب ہمارے ہاں بننے والی فارمولا فلموں میں کام کی آفرز ہوتی رہتی تھیں، جن کواپنانے سے معذرت کی لیکن اب ہمارے ہاں فلم میکنگ کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان فلمسازی کے میدان میں اترے ہیں اوران کے منفرد کام نے بڑی تیزی کے ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری کوایک نئی ڈائریکشن کی جانب گامزن کردیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جب مجھے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تومیں نے فوری رضامندی ظاہر کردی۔ فلم ’’36آوورز‘‘ میں مرکزی کردار نبھایا ہے اوراس میں میرے مدمقابل کرکٹ کی دنیا پراپنی تیز رفتارباؤلنگ سے راج کرنیوالے سابق فاسٹ باؤلرمحمد آصف ہیں جو پہلی مرتبہ اداکاری کررہے تھے‘ ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا۔ ہم نے لاہور کی خوبصورت لوکیشنز پرفلم کی عکسبندی کی لیکن اس دوران ہماری ٹیم میں شامل تمام نوجوان اورانتہائی پروفیشنل نوجوانوں نے ایساکام عکسبند کیا جس کو دیکھ کریہ خوشی ہوئی کہ اب جلد ہی ہم بھی فلموں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچ جائینگے۔ انھوں نے مزید بتایاکہ کرکٹرمحمد آصف کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ مزید دو فلمیں بھی سائن کرلی ہیں ۔

لیکن معاہدہ کے مطابق فلم کا نام اور ساتھی فنکاروں کے تذکرہ نہیں کرسکتی مگراتنا بتادیتی ہوں کہ میں اپنی دوسری فلم میں پاکستان فلم انڈسٹری پربرسوں سے راج کرنے والے ورسٹائل اداکارکے ساتھ جلوہ گرہونگی۔ ایک سوال کے جواب میں رائمہ خان نے کہا کہ فلموں میں کام کرنے کی وجہ سے ٹی وی سے دوری ممکن نہیں ہے ۔ میرے پاس آج جو شہرت اورمقام ہے وہ صرف اورصرف ٹی وی انڈسٹری کی بدولت ملا ہے اس لیے ٹی وی انڈسٹری سے دورہونے کاسوچ بھی نہیں سکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔