تھانوں پر چھاپے، ایڈیشنل آئی جی نے غفلت برتنے پر5پولیس افسر معطل کر دیے

اسٹاف رپورٹر  اتوار 8 جون 2014
فیڈرل بی صنعتی تھانے کے ایس ایچ اواوراے ایس آئی معطل،تھانیدارکی تنزلی کی گئی ۔ فوٹو: عرفان علی/ ایکسپیریس/فائل

فیڈرل بی صنعتی تھانے کے ایس ایچ اواوراے ایس آئی معطل،تھانیدارکی تنزلی کی گئی ۔ فوٹو: عرفان علی/ ایکسپیریس/فائل

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ فرائض میں غفلت و لاپروائی برتنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں سے رعایت نہیں کی جائے گی۔

غلام قادر تھیبو نے مدد گار15 پولیس سینٹر کورنگی صنعتی ایریا کا اچانک دورہ کیا جہاں موجود عملے نے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا جس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے غفلت برتنے والے 2 افسران کو معطل کردیا، اور مرکز کا تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزکرنے کا حکم دیا، غلام قادر تھیبو اچانک شاہراہ قائدین پر قائم مددگار 15فیروزآباد پہنچے جہاں انچارج ہمایوں خان موجود نہیں تھے جس پر ایڈیشنل آئی جی نے انچارج کو فوری طور پر معطل کرکے لائن میں رپورٹ کرنے کے احکام جاری کیے جبکہ مرکز کا عملہ انھیں کارکردگی سے مطمئن نہ کرسکا۔

مرکز میں وائرلیس سسٹم خراب اور ٹیلی فون موجود نہ تھا اس حوالے سے انچارج نے متعلقہ اعلیٰ حکام کو مطلع بھی نہیں کیا، فیڈرل بی صنعتی ایریا تھانے کے دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے ایس ایچ او خالد مغل اور اے ایس آئی فیصل جعفری کو معطل کردیا، تھانیدار خالد مغل کے عہدے میں ایک درجہ تنزلی بھی کی گئی ہے جبکہ اے ایس آئی کا کراچی سے باہر تبادلہ کرنے کے حکامات جاری کیے ہیں، غلام قادر تھیبو نے کراچی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو متنبہ کیا کہ فرائض کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت برتنے کے خلاف فوری طور پر محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی پولیس اہلکار اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں، غلام قادر تھیبو نے بعدازاں صحافیوں کو بتایا کہ پولیس شہریوں سے مل کر جرائم کا خاتمہ کرسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔