ہاکی ورلڈ کپ میں ملائیشیا نا کامیوں کا حصار نہیں توڑ پایا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 8 جون 2014
 ویمنز ایونٹ میں کوریا نے بیلجیئم کو 4-2 اور نیوزی لینڈ نے جاپان کو 3-0 سے مات دی۔ 
۔ فوٹو: فائل

ویمنز ایونٹ میں کوریا نے بیلجیئم کو 4-2 اور نیوزی لینڈ نے جاپان کو 3-0 سے مات دی۔ ۔ فوٹو: فائل

دی ہیگ: ہاکی ورلڈ کپ میں ملائیشیا ناکامیوں کے حصار سے باہر نہیں نکل پایا، چوتھے مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں 3-2 سے شکست ہوگئی۔بلو شرٹس نے بھی آخر کار پہلی کامیابی حاصل کی، ناقابل شکست آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 5-0 سے روند دیا، بیلجیئم نے اسپین کو 5-2 سے پچھاڑ کر سیمی فائنل سے فاصلہ کم کرلیا۔ ویمنز ایونٹ میں کوریا نے بیلجیئم کو 4-2 اور نیوزی لینڈ نے جاپان کو 3-0 سے مات دی۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت نے ملائیشیا کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کرکے پول اے میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے، ایونٹ میں پہلی کامیابی کی بدولت پوائنٹس کی تعداد 4 کرلی جبکہ چاروں میچز میں ناکام ملائیشیا آخری نمبر پر ہے۔عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود بھارتی ٹیم کا میچ کے آغاز سے اختتام تک کنٹرول رہا، زیادہ تر اس نے 13 رینکڈ ٹیم کو اپنے ہی ہاف میں دھکیلے رکھا، پہلا گول 14 ویں منٹ میں آیا جب جسجیت سنگھ نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، ملائیشین ٹیم کی رفتار قدرے سست دکھائی دی  تاہم اس کے گول کیپر کمار سبرامیم نے غیرمعمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ورنہ چار پانچ گول مزید ہوسکتے تھے، ایک موقع پر انھوں نے وی آر رگھوناتھ کا ایک یقینی گول روکا ان کی ٹیم کو مقابلہ برابر کرنے کا ایک بہترین موقع ملا جب ٹنگکو احمد گیند لے کر بھارتی گول پوسٹ پر جھپٹے مگر ان کی کوشش بھارتی کیپر سری جیش نے ناکام بنادی تاہم 46 ویں منٹ میں راضی عبدالرحیم کی زوردار ڈراگ فلک پر گیند بھارتی ڈیفنڈر کی اسٹک سے ٹکراتی ہوئی جال میں چلی گئی۔

ہاف ٹائم کے بعد آکاش دیپ سنگھ نے دو انتہائی شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی آخری لمحات میں مرحان جلیل نے گول کرکے مقابلے کو دلچسپ بنایا مگر ملائیشیا بھارتی برتری ختم کرنے میں ناکام رہا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کا ناقابل شکست سفر جاری ہے، افتتاحی وسل کو ابھی 24 سیکنڈ ہی گزرے تھے کہ آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پول بی کے تیسرے میچ میں اپنا کھاتہ کھول دیا، میٹ گوہڈیس نے پہلا گول کیا، 13ویں منٹ میں لیام ڈی ینگ نے آسٹریلوی برتری کو پنالٹی کارنر کے ذریعے ڈبل کیا، 30 ویں منٹ میں جیمی ڈائر نے گیند کو جال میں ڈال دیا۔

دن کا سب سے شاندار گول مارک ناولز نے کیا جنھوں نے ہاف لائن کے قریب سے گیند کو جال کی راہ دکھائی، ارزان زویلسکی نے پانچواں گول کیا، آسٹریلیا کا چھٹا گول بھی ہوجاتا مگر بیری میڈلٹن نے گیند روک دی۔بیلجیئم نے اسپین کو  5-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل سے فاصلہ کم کرلیا ہے۔ میچ میں 4 گرین اور 3 یلو کارڈز دکھائے گئے، فاتح سائیڈ کی جانب سے ٹینگے کوسینز نے دو جبکہ الیگزینڈر ڈی سیڈلر، ایمونیئل اسٹاک بروئیکس اور جان جان ڈوہمین نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، آخر میں اسپین کے ایڈورڈ ٹوبیو اور سانٹی فریزا نے گول کیے۔دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں کوریا نے بیلجیئم کو 4-2 سے زیر کرلیا، نیوزی لینڈ نے جاپان کو 3-0 سے مات دے دی، فاتح ٹیم کیلیے سوفی ککس، انتیا پنٹ اورکیٹی گلن نے ایک ایک مرتبہ گیند کوجال میںپہنچایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔