پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کو خط کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے دفتر خارجہ

اسرائیلی افواج کے ہاتھوں گزشتہ روز فلسطینیوں کے قتل عام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ زہرہ بلوچ


ویب ڈیسک March 01, 2024
(فوٹو : فائل)

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے۔

دفتر خارجہ میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے زہرہ بلوچ نے کہا کہ 28 فروری کو پاکستان نے ویانا میں گروپ 77 میں اپنی مدت کامیابی سےمکمل کی، انسانی حقوق کے 55 ویں جاری اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے پاکستان کا موقف پیش کیا اور انہوں ںے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی نگرانی پر زور دیا،گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے ڈس آرمامینٹ کانفرنس میں پاکستانی موقف کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں گزشتہ روز فلسطینیوں کے قتل عام کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ عالم دنیا نوٹس لے۔

زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے مسلم کانفرنس جموں و کشمیر کے دھڑوں پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے بھارت مجموعی طور پر 8 کشمیری جماعتوں پر پابندی عائد کرچکا ہے، بھارت فوری طور پر کشمیری جماعتوَں سے پابندیاں اٹھائے۔

پاکستان ایران گیس پائپ منصوبے سے متعلق ترجمان نے کہا کہ منصوبے سے متعلق کابینہ توانائی کمیٹی فیصلہ کرچکی ہے پاکستان آئی پی منصوبے کو اہم سمجھتا ہے اس وقت توانائی کا حصول پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، توانائی کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستان میں 80 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کی منظوری دی ہے ابھی تک آئی پی میں کسی تیسرے ملک کے شمولیت کا علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں آزادانہ فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم نے امریکی محکمہ انصاف کی رپورٹس دیکھی ہیں امریکا کی جانب سے حوثیوں کو ایرانی اسلحہ یمن اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار باشندوں کی شہریت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہم نے ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے امریکا سے قونصلر رسائی مانگی ہے، قونصلر رسائی ملنے کے بعد ہی ان گرفتار شدگان کی شہریت کی تصدیق کرسکتے ہیں اس معاملے پر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے رابطے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے۔

بھارت سے متعلق سوال پر انہوں ںے کہا کہ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ جب بھی بھارت نے جارحانہ انداز اختیار کیا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا بھارت کے بیانات خطے کا ماحول خراب کرنے کی کوششیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔