نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کل حلف اٹھائیں گے

ویب ڈیسک  جمعـء 1 مارچ 2024
علی امین گنڈاپور گونر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے—فائل: فوٹو

علی امین گنڈاپور گونر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے—فائل: فوٹو

 پشاور: گورنر خیبرپختونخوا نے نو منتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری کی سمری پر دستخط کردیے، جس کے مطابق کل سہہ پہر 3 بجے تقریب منعقد ہوگی۔

ایکسپریس نیو زکے مطابق گورنر حاجی غلام علی نے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 5 کے تحت نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی حلف برداری کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

حلف برداری کی تقریب کل (ہفتہ) سہہ پہر 3 بجے  گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی اور گورنر حاجی غلام علی نومنتخب وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔

گورنر ہاؤس کی جانب سے صوبائی نگران کابینہ تحلیل ہونے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے نگران وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس پر نگران کابینہ تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل بھی موجود تھے، نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے اپنا عہدہ سنبھالنے سے پہلے نگران کابینہ تحلیل کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔