ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان نے وزیراعظم نواز شریف کو فون کر کے کراچی ایئرپورٹ حملے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان نے وزیراعظم نواز شریف کوٹیلی فون کرکے کراچی ایئرپورٹ حملے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت اورعوام پاکستان کی ہر خوشی اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا تاہم حالیہ حملوں کے بعد حکومت پر زور دیا کہ دہشت گردی جیسے ناسور پر قابو پانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے حملے تشویشناک ہیں تاہم شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔