وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں گیس لیکیج دھماکے کے 3 الگ واقعات میں 2 بچے جاں بحق اور کئی دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
بھابڑا بازار کے علاقے میں گیس لیکیج دھماکے سے آگ میں جھلس کر زخمی ہونے والے 2 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم آیت فاطمہ اور ارحم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لیکیج کی وجہ سے کمرے میں گیس جمع تھی، بجلی کا سوئچ آن کرنے پر اچانک دھماکا ہوگیا، جس میں 2 بچے اور ان کی ماں جھلس گئی۔ بعد ازاں بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جب کہ ان کی زخمی ماں کا جسم بھی 50 فی صد جھلس چکا ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق بے نظیربھٹو اسپتال میں زیرعلاج خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔
گیس لیکیج دھماکے کا دوسرا واقعہ راولپنڈی کے ٹینچ آبادی نمبر 2 کے علاقے میں ہوا، جس میں عبداللہ اور حسن نامی 2 افراد زخمی ہو گئے۔ راولپنڈی میں گیس لیکیج سے چند گھنٹوں کے دوران ہونے والا تیسرا واقعہ وارث خان کے علاقے آریہ محلے میں ہوا، جس میں آگ لگنے سے 5 افراد جھلس گئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ آگ میں جھلسنے والوں کی شناخت انتظار، ریاض احمد، پروین، 26سالہ عنبرین، اور 15 سالہ امبر کے نام سے ہوئی ہے۔