فیاض لغاری آئی جی تعینات، کل چارج سنبھالیں گے

ایکسپریس اردو  بدھ 11 جولائی 2012
سی سی پی اور کراچی کے عہدے پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

سی سی پی اور کراچی کے عہدے پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی: فیاض لغاری کو آئی جی سندھ تعینات کر دیا گیا جمعرات کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ مشتاق شاہ کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے فیاض لغاری کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا۔

آئی جی سندھ تعینات کیے جانے والے فیاض لغاری کو اس سے قبل گزشتہ سال 5 مارچ کو ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) حیدر آباد سے آئی جی سندھ کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا تاہم وہ 13 جون 2011 تک ہی آئی جی سندھ کے عہدے پر تعینات رہے اور انھیں کلفٹن میں رینجرز کے ہاتھوں سرفراز شاہ نامی نوجوان کی بہیمانہ ہلاکت کے بعد عدالت کے حکم پر آئی جی سندھ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ، فیاض لغاری نے محکمہ پولیس میں 29 مارچ 1979 کو اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور سب سے پہلے 3 نومبر 1981 کو اے ایس پی ہیڈ کوارٹرز کراچی تعینات ہوئے بعدازاں انھیں 13 جون 1985 کو ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی ،

فیاض لغاری سندھ پولیس میں ایس پی، ایس ایس پی، اے آئی جی پی، اے ڈی آئی جی پی اور ڈی آئی جی پی کے علاوہ سی سی پی او کراچی کے عہدے پر بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں ، فیاض لغاری سندھ پولیس میں ملازمت کے دوران ویلفیئر ، اسٹیبلشمنٹ ، ٹی اینڈ ٹی ، ہیڈ کوارٹرز ، ٹریفک ، انویسٹی گیشن اور اسپیشل برانچ میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔