انوشکا شرما بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار کیمرے کے سامنے کب آئیں گی؟

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مارچ 2024
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے بیٹے کی پیدائش لندن میں ہوئی : فوٹو : فائل

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے بیٹے کی پیدائش لندن میں ہوئی : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما کی بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار کیمرے کے سامنے آنے سے متعلق خبر سامنے آگئی۔

بھارت میں 22 مارچ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز ہوگیا ہے، اس لیگ کا پہلا میچ رائل چیلنجرز بنگلورو اور چنئی سُپر کنگز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں بالی ووڈ شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

ویرات کوہلی رائل چیلنجرز بنگلورو کی ٹیم کا حصہ ہیں لیکن اُن کی ٹیم کے پہلے میچ میں اُن کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما غائب رہیں کیونکہ اداکارہ بیٹے کی پیدائش کے بعد سے لندن میں ہی مقیم ہیں۔

اب بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انوشکا شرما اپنے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ بہت جلد بھارت واپس آجائیں گی اور بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی بار رائل چیلنجرز بنگلورو کے میچ میں شرکت کرکے عوامی سطح پر منظرِ عام پر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: انوشکا شرما اور کوہلی بھارت چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہورہے ہیں؟ پوسٹ وائرل

ذرائع کا کہنا ہے کہ انوشکا شرما ہمیشہ اپنے شوہر ویرات کوہلی کا حوصلہ بُلند کرنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوتی ہیں، اس بار بھی وہ رائل چیلنجرز بنگلورو کے کسی ایک میچ میں لازمی شرکت کرکے اپنے شوہر کو ہمت دیں گی۔

واضح رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں رواں سال 15 فروری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی لیکن اس جوڑی نے 20 فروری کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل اسٹار جوڑی کے ہاں جنوری 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔